نہتے پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دینگے، وزیراعظم
شیئر کریں
بھارتی پراکسیز کے پاکستان کے معصوم شہریوں پر دہشتگرد حملے قابل مذمت ہیں،شہباز شریف
اسلام آباد ضلع کچہری کے باہر ہونے والے دھماکے کی مذمت، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ضلع کچہری کے باہر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے اور معصوم پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔اسلام آباد کچہری میں ہونے والے بم دھماکے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اسلام آباد ضلع کچہری میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔شہباز شریف کا کہنا تھا مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں اور حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی دہشتگرد پراکسیز کے پاکستان کے نہتے شہریوں پر دہشتگرد حملے قابل مذمت ہیں، واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا کردم لیں گے۔ان کا کہنا تھا افغانستان سے کارروائی کرتے فتنہ الخوارج نے وانا میں معصوم بچوں پر بھی حملہ کیا، بھارتی پشت پناہی اور افغان سرزمین سے جاری حملوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نہتے و معصوم پاکستانیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔


