مشترکہ اجلاس سے فرارحکومت کا اکثریت کھودینے کاثبوت ہے ،شہبازشریف
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے ،اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعد حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاہ قوانین واپس لے ۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے،جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا، اسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے ،پرائیویٹ ممبر بل پر دو بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التوائ عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی کی ستائی عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوکر قوم کو ریلیف دیں۔