میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۲ ستمبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 26ستمبر کو تفتیش میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ آخری مرتبہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا جسمانی ریمانڈ دے رہے ہیں۔ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر نیب راولپنڈی کے حکام نے شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لیے ان کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کر دی جائے ۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت نہیں کی تاہم مفتاح اسماعیل کے وکیل حیدر وحید ایڈووکیٹ نے اپنے مئوکل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے تمام تفتیش مکمل کی جا چکی ہے اس لئے مفتاح اسماعیل سے مزید تفتیش نہیں کی جاسکتی۔ دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ میں نے کراچی کا دورہ کیا ہے اور ایل این جی ٹرمینل کا دورہ کیا ہے اور سوئی سدرن کمپنی کا دورہ بھی کیا ہے اور تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے اور ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے میں تفتیش جلد مکمل کرنا چاہتا ہوں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پہلے ہی 55دن کا جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے ، میں نے پہلے کہا تھا کہ 90روزہ ریمانڈ دے دیں بار ، بار مجھے لایا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تفتیش کے لئے حاضر ہوں تاہم ابھی تک تفتیشی افسر کو مقدمہ سمجھ نہیں آیا ۔عدالت نے شاہد خاقان عباسی ،ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اورشیخ عمران الحق کے جسمانی ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 26ستمبر کو تفتیش میں ہونے والی پیش رفت رپورٹ کے ہمراہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ وہ آخری مرتبہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا جسمانی ریمانڈ دے رہی ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں