میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 455 ارب کا عوام پر بوجھ

فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 455 ارب کا عوام پر بوجھ

ویب ڈیسک
پیر, ۱۲ اگست ۲۰۲۴

شیئر کریں

بجلی کی قیمتیں عوام کی برداشت سے باہر ہو چکی ہیں۔ روزانہ عوامی سطح پر بجلی کے بلوں کے حوالے سے انفرادی ردِ عمل کے واقعات ابھر رہے ہیں۔ عوام بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر جہاں ایک طرف خود کشی پر مجبور ہو گئے ہیں تو دوسری طرف شدید غم وغصہ بھی دکھائی دے رہا ہے۔ حکومت نے جولائی 2023 سے اب تک ایک سال میں 14 بار بجلی مہنگی کر کے عوام پر بم گرائے۔بجلی کے بنیادی یونٹس کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ صارفین درجن بھر قسم کے ٹیکس اور دیگر زائد ادائیگیاں کر رہے ہیں۔ ان میں ہی ایک ماہانہ فیول ایڈجسٹمٹ بھی ہے جس کے بوجھ تلے ملک بھر کے صارفین دب کر رہ گئے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق بجلی کمپنیوں نے جولائی 2023 سے اب تک ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کے نام پر مسلسل 14 بار بجلی مہنگی کی، جس سے صارفین پر 455 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔گزشتہ سال جولائی 2023میں اس سے دو ماہ قبل مئی 2023 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1.90 روپے مہنگی کی گئی تھی، پھر اگست 2023میں جون 2023 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.81 روپے مہنگی کی گئی جب کہ ستمبر 2023 میں جولائی 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت 1.46 روپے بڑھائی گئی تھی۔ اکتوبر 2023میں اگست 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1.71روپے مہنگی کی گئی تھی۔ نومبر 2023 میں ستمبر 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت 40 پیسے بڑھی تھی اور دسمبر 2023 کے لیے اکتوبر 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3.08 روپے مہنگی کی گئی تھی۔رواں سال کے آغاز میں جنوری 2024 میں نومبر2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت 4.13 روپے، فروری 2024 کے لیے دسمبر 2023 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 4.57 روپے، مارچ 2024 کے لیے جنوری 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 7.06 روپے مہنگی کی گئی تھی۔اسی طرح اپریل 2024 میں فروری 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت 4.92 روپے، مئی 2024 میں مارچ 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2.84 روپے، جون 2024 میں اپریل 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت 3.33 روپے، جولائی 2024 کے لیے مئی 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3.33 روپے اور اب اگست 2024 میں جون 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2.56 روپے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں