گورنر سندھ کے معاملے پرچند روز میں فیصلہ ہوجائے گا،اسحاق ڈار
شیئر کریں
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بشیرمیمن کو گورنر بنانے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بیان میں کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کامران ٹیسوری اس وقت گورنر کے عہدے پر فائز ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ گورنر سندھ کے بارے میں چند روز میں فیصلہ ہو جائے گا۔نجی میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ گورنر سندھ کے معاملے پر اتحادی جماعت پیپلز پارٹی سے مشاورت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند روز میں گورنر سندھ کے بارے میں فیصلہ ہوجائے گا۔نائب وزیراعظم نے پارٹی رہنما بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے کی خبروں کی تردید کردی۔ خیال رہے کہ چند روز سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کی جگہ بشیرمیمن کو سندھ کا گورنر بنایا جائے گا۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بھی ان خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم فیصلوں میں ہم سے مشاورت کرتے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے مشاورت نہیں کی ہے اس لیے اس خبر میں صداقت نہیں ہے ۔