پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ نئے مقدمے میں گرفتار
شیئر کریں
نو مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت پر رہا پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ کو نئے مقدمہ میں گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عائشہ کو راحت بیکری افشاں چوک میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے عائشہ کا چہرہ ڈھانپ کرعدالت میں پیش کیا، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازاحمد بٹر نے کی۔ تفتیشی افسر نے ملزمہ کی شناخت پریڈ کی استدعا کی جس پرعدالت نے ملزمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے 2 اگست کو شناخت پریڈ مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمہ تھانہ سرور روڑ کے مقدمہ نمبر 103/23 ، راحت بیکری افشاں چوک میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے میں ملوث ہے۔ ملزمہ کی جانب سے رانا مدثر عمر اور یوسف وائیں ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور کہا کہ عائشہ کو پہلے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث کیا گیا اور اب نئے مقدمہ میں ملوث کر دیا گیا ہے۔