الائنس موٹرز کے متاثرین عدالتی حکم کے باوجود رقم سے محروم
شیئر کریں
اکاؤنٹ میں ایک ارب دس کروڑ کی رقم موجود ہونے اور دس ماہ قبل جاری عدالتی حکم کے باوجود رقوم کی ادائی میں تاخیری حربے
متاثرین کو دھوکا دینے والے بڑے مگر مچھوں کی خفیہ جائیدادوں پر نگاہیں ،آفیشل اسائنی ڈاکٹر چودھری وسیم اقبال رقم ادا کرنے میں ناکام \
کراچی(نمائندہ خصوصی) ٹی جے ابراہیم اینڈ کمپنی / الائنس موٹرز کے متاثرین چونتیس سال گزرنے کے باوجود مایوسی کی تصویر بن گئے۔ اطلاعات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے اکاؤنٹ میں تقریباً ایک ارب دس کروڑ کی رقم موجود ہونے کے باوجود الائنس موٹرز کے متاثرین کو تقسیم نہیں کی جارہی۔ حیرت انگیز طور پر عدالت عالیہ سندھ کے جج جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے واضح طور پر الائنس موٹرز کے متاثرین کو رقم کی ادائی کے لیے 13؍ اکتوبر 2021ء کو ایک حکم جاری کیا تھا، مگر تاحال اس حوالے سے آفیشل اسائنی ڈاکٹر چودھری وسیم اقبال رقم ادا کرنے میں مکمل ناکام ہیں۔ عدالت عالیہ سندھ کے دس ماہ قبل کے واضح حکم اور اکاؤنٹ میں رقم موجود ہونے کے باوجود الائنس کے متاثرین اپنی عمر بھر کی جمع پونجی حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ اس حوالے سے نمائندہ جرأت نے جب مختلف قانونی ماہرین سے رجوع کیا تو وہ حیرت زدہ رہ گئے کہ آخر اکاؤنٹ میں رقم ہونے اور عدالت کے واضح حکم کے باوجود یہ رقم کیوں نہیں دی جا رہی۔ یہ واضح طور پر عدالت عالیہ سندھ کے حکم نامے کی خلاف ورزی ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق الائنس موٹرز سے متعلق مختلف جاری مقدمات اور نیب میں زیرتفتیش معاملات کو بڑے پیمانے پر انتظامی اور عدالتی سطح پر التواء میں ڈالا گیا ہے۔ ایک حکمت عملی کے تحت اس اسکینڈل کا تعاقب کرنے والے مختلف افراد کے پسِ منظر میں جانے اور مایوس ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ تاکہ متاثرین کو دھوکا دینے والے بڑے مگر مچھوں کی خفیہ جائیدادوں پر خاموشی سے ہاتھ صاف کیا جاسکے۔ چنانچہ الائنس موٹرز کے وہ متاثرین جنہیں ابھی تک صرف پچیس فیصد کی رقم ادا کی جارہی تھی ،اُنہیں رقم دینے سے اس لیے لیت ولعل سے کام لیا جارہا ہے تاکہ وہ مایوس ہو کر اس کے بعد اپنے مزید پچاس فیصد کے رقم کا مطالبہ کرنے سے ہی باز رہیں۔ اور وہ جائیدادیں جو اب تک ملی بھگت سے ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائی جا سکی ، اُسے سودے بازی میں استعمال کیا جاسکے۔