میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایڈمنسٹریٹرکی تبدیلی موخر،ایم کیوایم پی پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کافیصلہ

ایڈمنسٹریٹرکی تبدیلی موخر،ایم کیوایم پی پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کافیصلہ

ویب ڈیسک
منگل, ۱۲ اپریل ۲۰۲۲

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار)اکراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایڈمنسٹریٹر کی تبدیلی مئوخر کر دی گئی ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لی ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میںمئی میں مرحلہ وار انتخابات منعقد کروائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں کراچی کی تعمیر و ترقی سے متعلق سندھ کی حکمران جماعت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت دونوں فریقین میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو فوری تبدیل نہ کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کو باہمی تعاون سے بلدیاتی انتخابات میں میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی نشست لینے کی تجویز دی گئی ہے جس پر رابطہ کمیٹی کے متعدد اراکین کی جانب سے نیم رضا مندی کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اتحاد کے دورانیے میں ایم کیو ایم پاکستان کو آئندہ بلدیاتی انتخابات ساتھ لڑنے اور میئر کراچی کا امیدوار پاکستان تحریک انصاف سے نامزد کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم اتحادی جماعت کی جانب سے حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے اور اپنی وزارتوں سے استعفے دیکر اپوزیشن جماعتوں کا ساتھ دینے پر پی ٹی آئی کاخواب چکنا چور ہو چکا ہے۔پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے مابین اپوزیشن کا ساتھ دینے پرشدید چپقلش پائی جاتی ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کراچی میں ہونے والے احتجاج میں جھنڈے نذر آتش کرنے پر بھی ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی قسم کے رابطے نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں تنہا سندھ کی سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرتی دکھائی دیتی ہے۔ حالیہ دنوں الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات مئی کے اواخر میں کرانے سے متعلق تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ممکنہ طور پر پہلے مرحلے میں الیکشن میر پورخاص،سکھر،بے نظیر آ باد اور لاڑکانہ ڈویژنز میں منعقد کروائے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں حیدرآباد اور کراچی ڈویژن میں انتخابات کرانے کو ترجیح دی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں