پی ٹی آئی کی سندھ اسمبلی سے بھی استعفے کی تیاریاں،عمران خان کے سگنل کاانتظار
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)تحریک انصاف کے صوبائی اراکین سندھ اسمبلی بھی مستعفی ہونے کیلئے تیار ، عمران خان کے احکامات کا انتظار، کراچی میں پاور شو کیلئے تیاریاں شروع کردی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد تحریک انصاف نے سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں رہنے یا مستعفی ہونے سے متعلق مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے بعد کی صورتحال اور تمام آپشنز پر غور کر رہی ہے، اکثر پارٹی رہنماایوان چھوڑنے کے حق میں جبکہ اکثریتی تعداد ایوان نہ چھوڑنے کی بات کر رہی ہے۔ جرأت سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عوام سے ووٹ لیں، جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتیں الیکشن سے فرار ہونا چاہتی ہیں، تحریک انصاف میں سندھ اسمبلی سے مستعفی ہونے کے معاملے پر مشاورت نہیں ہوئی البتہ چیئرمین کے اشارے پر ہم کسی بھی وقت صوبائی اسمبلیوں سے مرحلہ وار مستعفی ہوسکتے ہیں، صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا آغاز پنجاب سے ہوگا کیونکہ مسلم لیگ (ن) کا نامزد وزیراعلیٰ حمزہ شہباز منی لانڈرنگ سمیت دیگر کیسز میں ملزم کے طور پر شامل ہے ، سندھ اسمبلی سے پی ٹی آئی ممبران عمران خان کے حکم پر مستعفی ہونے کیلئے تیار ہیں، خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے لیکن قیادت کے فیصلہ کے بعد کے پی اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی ممبران مستعفی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے باغ جناح میں عمران خان کے جلسے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ ملینیئم مال پر منعقد جلسے میں شریک عوام سے زیادہ عوام باغ جناح کے جلسے میں شریک ہوگی، پورا شہر کراچی امڈ آئے گا،جلسے میں شرکت کیلئے لوگوں کو بسوں میں بھر کر نہیں لائیں گے لیکن عوام اپنے طور پر شرکت کیلئے آئیں گے، باغ جناح میں جلسہ رات 9 بجے شروع ہوگا اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان رات 11 بجے عوام سے خطاب کریں گے۔