شہر قائد میں لاک ڈائون کے باوجود کورونا پھیلنے کا خدشہ
شیئر کریں
شہر قائد میں لاک ڈائون کے باوجود کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ، شہریوں کی بڑی تعداد نے حکومتی ہدایات کے باوجود احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کر دیا، سڑکوں پر ٹریفک کے اژدہام اور ٹریفک جام سے سکیورٹی اہلکاروں کے بھی مہلک وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔کورونا وائرس کے خطرات، مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے مگر شہری گھروں تک محدود رہنے کو تیار نہیں۔ غیر ذمہ داری کے باعث جان لیوا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ کراچی میں لاک ڈاون مسلسل تیسرے ہفتے بھی جاری ہے ۔ شہریوں نے حکومتی احکامات کو یکسر نظرانداز کر دیا۔ ایک فرد سے پورے خاندان اور دیگر افراد کے متاثر ہونے کے خدشات کو بھی لوگ خاطر میں نہیں لا رہے ۔شہر میں کئی سڑکوں کی بندش اور جگہ جگہ ناکوں کے باوجود بھی عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر ہے ۔ ناکوں پر روک ٹوک کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا۔ سکیورٹی اہلکاروں کو بھی مہلک وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔شہر اور صوبے بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا مگر اب بھی گھروں سے باہر نکلنے والوں کی بڑی تعداد ماسک تک استعمال نہیں کر رہی۔ شہریوں کی بے احتیاطی سب کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ، حکومتی اقدامات بھی بے سود ہو جائیں گے ، وبا پھیلنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے ۔