ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ،2شہری زخمی
شیئر کریں
لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کے چری کوٹ اور شکرگڑھ سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں دو پاکستانی شہری زخمی ہو گئے ۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)میجر جنرل بابر افتخار کے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق گذشتہ رات بھارتی فوج نے جان بوجھ کر بلا اشتعال فائرنگ کی اور مارٹرز کے ذریعہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر چری کوٹ اور شکر گڑھ سیکٹرز کو نشانہ بنایا۔ لائن آف کنٹرول پر چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں 35سالہ معصوم سویلین شہری زخمی ہو گیا،زخمی شخص کا تعلق سیریاں گائوں سے ہے جبکہ شکر گڑھ سیکٹر میں ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجہ میں 57سالہ شخص شدیدزخمی ہو گیا۔ زخمی شخص کا تعلق ننگال گائوں سے ہے ۔ دونوں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔