ستیش کوشک کے کمرے سے 'مشکوک ادویات' ملنے کا انکشاف
شیئر کریں
بالی وڈ کے سینئر اداکار اور ہدایتکار ستیش کوشک گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کے حوالے سے بھارتی پولیس نے ایک دعویٰ کیا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ستیش کوشک کو نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کی عمر 66 برس تھی، اداکار کی موت کی خبر سب سے پہلے بالی وڈ اداکار اور ستیش کے قریبی دوست انوپم کھیر نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے دی۔ اب بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ہولی کھیلنے کے بعد دہلی کے علاقے بجواسن کے جس فارم ہاؤس پر ستیش کوشک نے دیگر اداکاروں کے ہمراہ پارٹی کی تھی، وہاں کے کمرے سے کچھ مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے البتہ ستیش کوشک کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ آیا ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔ دریں اثناء بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ وکاس مالو نامی ایک بزنس مین کی دوسری بیوی سانوی مالو نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام لگایا ہے۔ سانوی مالو نے اپنے خط میں پولیس کمشنر کو بتایا ہے کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کے لیے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔ سانوی نے مزید بتایا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے اُنہیں شک ہے کہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر اُنہیں قتل کر دیا۔