مراد علی شاہ کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سے ملنے سے معذرت
شیئر کریں
سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ سندھ کی طے شدہ ملاقات اچانک منسوخ کردی گئی
حیدر آباد سے کراچی واپسی پرجگہ جگہ رکاوٹیں ڈالی گئیں ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی طے شدہ ملاقات اچانک منسوخ ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ کے دورے پر موجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کی صوبے کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات شیڈول تھی تاہم اب یہ ملاقات پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے پہلے منسوخ کردی گئی ہے کیوں کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سہیل آفریدی سے ملنے سے معذرت کرلی ہے، جس کے باعث دونوں وزرائے اعلیٰ کی پیر کے روز ہونے والی ملاقات منسوخ ہوچکی ہے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ حیدر آباد سے کراچی واپسی پر ہمارے راستے میں جگہ جگہ رکاوٹیں ڈالی گئیں جس کی وجہ سے ہمیں حیدر آباد سے کراچی پہنچنے میں ساڑھے 7 گھنٹے لگ گئے کیوں کہ حیدرآباد سے کراچی واپسی پر ہمارا راستہ روکا گیا، حیدرآباد سے واپسی پر میرے اور میری ٹیم کے تمام راستے بند کردیٔے گئے، جس کی وجہ سے ہمیں جان بوجھ کر ویران راستوں پر دھکیلا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سُنسان سڑک پر آکر کراچی کی طرف روانہ ہوئے اور مجبوراً ہمیں ویران راستوں سے ہوکر کراچی پہنچنا پڑا، میں کراچی پہنچ گیا ہوں انہیں جلسے کا خوف ہے لیکن جلسہ تو ہوگا تاہم جو روایات ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کے ساتھ دوسرے صوبوں میں بنائی جا رہی ہیں یہ مستقبل قریب میں نقصاندہ ثابت ہوں گی، پاکستان ہم سب کا ہے اس میں نفرتوں کو اتنا مت پھیلائیں جس سے پھر واپسی ممکن نہ ہو، جعلی جمہوری قوتیں اس میں کوئی کثر بھی نہیں چھوڑ رہی ہیں، یہ انتہائی شرمناک ہے۔


