میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نواز شریف، مریم صوبائی قیادت پر برہم، پنجاب اسمبلی بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کی ہدایت

نواز شریف، مریم صوبائی قیادت پر برہم، پنجاب اسمبلی بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کی ہدایت

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۲ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے اعتماد کے ووٹ لینے میں کامیاب ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے معاملے پر فوری رپورٹ طلب کر لی۔ نواز شریف نے استفسار کیا کہ پارٹی قیادت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے کم از کم 7 ناراض اراکین پی ڈی ایم سے رابطوں میں ہیں، ناراض اراکین کیسے ووٹنگ کے لیے پہنچ گئے، انہیں مینیج کیوں نہیں کیا جا سکا۔ رانا ثنا اللہ نے نواز شریف اور مریم نواز کو معاملے پر ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مریم نواز کی فوری وطن واپسی کی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز فوری وطن واپس نہیں آتیں تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے معاملے پر دستیاب آئینی و قانونی آپشنز پر بریفنگ دی۔ نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کر دی۔ نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا امکان ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر آج ہی اراکین کے دستخط کروا لیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد مکمل کر کے نواز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ نواز شریف اور مریم نواز کی اجازت ملتے ہی وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جائے گی۔ نواز شریف نے رانا ثنا اللہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی مزید مشاورت کرنے کی ہدایت کر دی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں