اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کو چھوڑانہیں جائے گا،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شام سے پاکستانیوں کی لبنان کے زمینی راستے سے واپسی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، نائب وزیر اعظم اسحق ڈار شام اور لبنان میں پاکستانی سفیروں سے رابطے میں ہیں،ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہوکر 3.57 پر آگئی،امن و سکون اور معاشی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اہم جزو ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چند دنوں میں شام کے حالات یکسر تبدیل ہوگئے، شام کی صورتحال پر ہم غیرجانبدار رہے، شام میں موجود پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر تھے۔انہوں نے کہا کہ 250 پاکستانی زائرین شام گئے ہوئے تھے جبکہ 300 کے قریب شہری ،اساتذہ اور طلبہ وہاں پہلے سے موجود ہیں جو پاکستان آنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے بتایا کہ شام میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے گزشتہ روز لبنان کے وزیراعظم سے بات ہوئی تھی، انہوں نے لبنان کے زمینی راستے سے پاکستانیوں کی باحفاظت واپسی کی یقین دہانی کروائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی شام اور لبنان میں پاکستانی سفارت کاروں سے بھی بات ہوئی ہے اور لبنان میں پاکستانی سفیر نے تصدیق کی ہے کہ ان کی لبنانی وزیراعظم سے بات ہوگئی ہے جس کے بعد پاکستانیوں کی شام سے واپسی کا طریقہ کار طے پاگیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہوکر 3.57 پر آگئی ہے، انہوں نے کہا کہ امن و سکون اور معاشی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اہم جزو ہے۔