حماس نے ایمان کی طاقت سے ٹیکنالوجی کو شکست دی ، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے جاری دہشت گردی و جارحیت کے خلاف اوراہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈاکٹرز سمیت تمام پیرامیڈیکل اسٹاف کاوائٹ کوٹ مارچ کیا۔مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی۔نیشنل اسٹیڈیم سگنل تا لیاقت نیشنل اسپتال تک مارچ کیا گیا۔مارچ میں ڈاکٹرز سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈاکٹرز نے اہل غزہ و فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور فلسطینی پرچم بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ مارچ کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے مارچ میں پروفیسر سہیل اختر نے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی جانب سے قرارداد پیش کی جسے مارچ میں شریک تمام ڈاکٹرز ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر قراردادکو منظور کیا۔’’وائٹ کوٹ مارچ‘‘سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سکریٹری عبد الغفور شورو،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ڈاکٹر عبد اللہ متقی،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن خواتین ونگ کی ڈاکٹر عزیزہ انجم،ڈاکٹر فاخر رضا،ڈاکٹر عذرا رفیق،فلسطین فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم،ڈائریکٹر میڈیکل سروسز الخدمت ڈاکٹر ثاقب انصاری ودیگرنے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے’’وائٹ کوٹ مارچ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کا اس نوعیت کا احتجاج نہیں کیا گیا جس طرح آج ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔امریکہ اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک کے حکمران اسرائیل کی پشت بانی کررہے ہیں جس کی وجہ سے شکست خوردہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے۔