میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

کامران ٹیسوری نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک
منگل, ۱۱ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

معروف کاروباری شخصیت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری نے سندھ کے 34 ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھالیا،ساتھ ہی انہوں نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا،انہوں نے کہاکہ وہ ذمے داری کی ادائیگی کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔حلف برداری کی تقریب پیرکوگورنر ہائوس میں ہوئی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کامران ٹیسوری سے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی صوبائی وزرا امتیاز شیخ سعید غنی پرنسپل سکریٹری گورنر سندھ ڈاکٹر سید سیف الرحمان ایڈیشنل ائی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،سابق میئر کراچی وسیم اختر،ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب ،رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، وزیراعلی کے معاون خصوصی وقار مہدی کی بھی شریک ہوئے تقریب میں موجود معززین نے عہدہ سنبھالنے پر کامران خان ٹیسوری کو مبارک باد دی۔کامران ٹیسوری نے کہاکہ وہ اپنے اوپر کئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے، ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور صوبہ کے مسائل کے حل کے لئے ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھائیں گے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز آئین کے آرٹیکل 101 کی شق ایک کے تحت کامران ٹیسوری کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کرنے منظوری دی تھی۔ گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفے کے بعد سے خالی تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں