فارورڈ بلاک بنانے کے حوالہ سے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے ، آغا سراج درانی
شیئر کریں
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج حسین درانی نے کہا ہے کہ فارورڈ بلاک بنانے کے حوالہ سے میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے ۔میڈیا ٹرائل میں مخالفین سمیت کچھ اپنے بھی ملوث ہیں ۔بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری اور ڈاکٹر فریال تالپور پر مکمل اعتماد ہے ۔ الزمات جھوٹ کا پلندہ ہیں کوئی غلط کام کیا ہے اور نہ ہی کرپشن کی ہے ۔ میرے ہاتھ صاف ہیں یہ وقت ثابت کر دے گا۔ ان خیالات کا اظہار آغا سراج درانی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فارورڈ بلاک بنانے کے حوالہ سے جو میڈیا ٹرائل چل رہا ہے یہ سب بے بنیاد ہے ،نہ ان کا کوئی میڈیا ٹرائل سے واسطہ ہے اور نہ وہ پی پی پی میں کوئی فارورڈ بلاک بنا رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ٹرائل کروانے میں مخالفین سمیت کچھ اپنے بھی لوگ ملوث ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن تھا مرتے دم تک پی پی پی کا کارکن رہوں گا اور پی پی پی کی قیادت پر مکمل یقین رکھتا ہوں، جیالا ہوں جو نہ کبھی بکتا ہے اور نہ جھک سکتا ہے ۔مجھ پر الزامات لگائے گئے ہیں اور مجھے نیب کیسز میں پھنسایا گیا ہے میں اس میں سرخرو ثابت ہوں گا۔