آپ کے مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں
شیئر کریں
مفتی غلام مصطفی رفیق
ایک ہی جانور میں قربانی اور
عقیقہ کے لیے حصہ رکھنا
سوال:میں عید کے موقع پرایک جگہ میں قربانی اور عقیقہ کے لیے الگ الگ حصہ رکھنا چاہتا ہوں ، مگر ایک دوست نے مجھے منع کردیا اور کہا کہ ایک ہی جانور میں قربانی اور عقیقہ کا حصہ نہیں رکھ سکتے۔اس بارے میں آگاہ فرمائیں ،اور دوسری بات یہ ہے کہ کیا لڑکے کے لیے دو حصے عقیقے کے رکھے جائیں گے یا ایک حصہ؟
جواب:قربانی اور عقیقہ دونوں سے مقصوداللہ تعالیٰ کی قربت اور ثواب ہے ، اور دونوں ہی عبادت میں شامل ہیں،اس لیے ایک ہی جانور میں قربانی اور عقیقہ کا حصہ رکھا جاسکتا ہے،فقہ کی کتابوں میں اس کی صراحت موجود ہے،آپ کے دوست کی بات درست نہیں۔۲۔لڑکے کی طرف سے عقیقہ کے دو حصے رکھنا بہتر ہے اور اگر گنجائش نہ ہوتو ایک بھی کافی ہے۔(بدائع الصنائع،-4/209فتاویٰ شامی ،کتاب الاضحیۃ،6/326،ط: سعید- فتاویٰ رحیمیہ، کتاب الاضحیۃ،10/25،ط:دارالاشاعت)
جمعہ کے دن دوسری اذان کا جواب
سوال:جمعہ کے دن جو دوسری اذان دی جاتی ہے اس کا جواب دیاجائے گا یانہیں؟
جواب:جمعہ کی دوسری اذان کا جواب زبان سے نہیں دیناچاہیے۔مفتی اعظم ہند مفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ لکھتے ہیں:’’اذان ثانی جو خطیب کے سامنے ہوتی ہے ،اس کا جواب اور اس کے بعد دعا امام ابوحنیفہ ؒ کے نزدیک نہیں چاہیے یعنی زبان سے نہ جواب دے نہ دعا مانگے ، دل میں جواب دیدے یا دعا مانگ لے‘‘۔(فتاویٰ شامی،-1/399فتاویٰ دارالعلوم دیوبند،1/72،ط:دارالاشاعت-کفایت المفتی 9/452،ط:دارالاشاعت)
غیر مسلم سے کپڑے اور برتن دھلوانا
سوال:ہمارے گھر میں ایک خاتون ملازمہ ہیں اور وہ غیر مسلم ہیں ، وہ کپڑے برتن دھوتی ہیں ، کیا یہ درست ہے؟
جواب:صفائی اور پاکی کااہتمام کرتی ہو تو کپڑے اور برتن دھلوانادرست ہیں۔(فتاویٰ محمودیہ ،5/273،ط:فاروقیہ کراچی)
انشورنس کا حکم
سوال:انشورنس موجودہ دورمیں بہت پھیل چکاہے،کیاہم اس میں حصہ لے سکتے ہیں؟مثلاًمیڈیکل انشورنس ،لائف انشورنس وغیرہ۔
جواب:انشورنس کی مروجہ تمام اقسام سوداورجوئے پرمشتمل ہونے کی و جہ سے ناجائزہیں ،البتہ اگرکوئی شخص کسی ایسے ادارے میں ملازم ہو جہاں ملازمین کی اجازت کے بغیر ادارے کی جانب سے ملازمین کے لیے انشورنس کروایاجاتاہوتواس صورت میں ادارے کی جانب سے ملازم کے میڈیکل کی مد میں جمع کرائی گئی رقم کے برابرہی علاج معالجہ کرواسکتے ہیں۔
جس جانور کے سینگ کاٹ دیے گئے ہوں اس کی قربانی کرنا
سوال:کیاکٹے ہوئے سینگ والے جانورکی قربانی درست ہے؟یعنی ایساجانور جس کے سینگ جڑ سے کاٹ دیئے گئے ہوں ، اس جانورکی قربانی کرناجائزہے؟
جواب:جس جانورکے سینگ جڑ سے ٹوٹ گئے ہوں یاجڑسے اکھاڑ دیئے گئے ہوں توایسے جانورکی قربانی درست نہیں ہے۔(فتاویٰ رحیمیہ ،10/49،ط:دارالاشاعت)
مقروض آدمی کا قرض لے کر قربانی کرنا
سوال:میرے اوپر کچھ قرضہ ہے اور نقد رقم وغیرہ میرے پاس جمع نہیں ہے،کیا اگر میں قربانی میں حصہ لیناچاہوں تو قرض لے کر قربانی میں حصہ
لے سکتا ہوں؟
جواب:جب آپ مقروض ہیں اورنقد رقم وغیرہ بھی آپ کے پاس نہیں توشرعی طور پر آپ پر قربانی واجب نہیں،اس لیے قرض لے کر قربانی کرنالازم بھی نہیں۔البتہ اگر آپ قرض لے کر قربانی کرتے ہیں تو آپ کی قربانی ہوجائے گی۔