جماعت اسلامی 100مقامات پر کے الیکٹرک کیخلاف مظاہرے
شیئر کریں
جماعت اسلامی کے تحت شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بدترین اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور ٹیرف میں ظالمانہ اضافے پر کے الیکٹرک کے خلاف شہر بھر میں 100سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ مرکزی مظاہرہ مسجد خضریٰ صدر میں کیا گیا جس سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،امیرضلع جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ودیگرنے بھی خطاب کیا۔جماعت اسلامی کے تحت ضلع غربی میں 25 ،ضلع ائرپورٹ 14،ضلع گلبرگ میں 7،ضلع ملیرمیں 8،ضلع وسطی میں 9،ضلع شمالی7،ضلع جنوبی میں 15،ضلع قائدین میں 8،ضلع کورنگی میں 12اورضلع شرقی میں 8سمیت 100سے زائد مقامات پر مظاہرے کیے گئے۔یہ مظاہرے بنارس، میٹروویل،گلشن غازی، اتحاد ٹاؤن، مشرف کالونی، اسلامیہ کالونی،فرنٹیئر موڑ، باوانی چالی،ماڈل کالونی، جناح اسکوائر، کوثر ٹاؤن،چمن کالونی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، رفاہ عام،لیاری،کلفٹن، دہلی کالونی، پنجاب کالونی،صدر،محمود آباد،اختر کالونی،کالاپل، کینٹ، فاطمہ جناح کالونی، سبزی منڈی، ناگن کواٹر جہانگیر روڈ،پی آئی بی،لائنز ایریا نعمان مسجد لبیلہ ودیگر مقاما ت پر مظاہرے کئے گئے۔ مظاہروں سے نائب امیرکراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،امراء اضلاع غربی محمد اسحاق خان،محمد یوسف، محمد اسلام، عبد الجمیل،منعم ظفر خان،محمد فرحان،کریم بخش،قمر عباسی، سیف الدین، نصیر حسینی،تحسین احمدسمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے میں شرکاء نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور زبردست نعرے بھی لگائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروز ہفتہ شام 4بجے شاہراہ فیصل نرسری پر ہر صورت میں دھرنا ہوگا، عوامی دباؤسے کے الیکٹرک کے مظالم کو روکیں گے،حکومت اور انتظامیہ رکاوٹ نہ بنے،پر امن مظاہرے کو روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف آئینی،سیاسی،قانونی اور جمہوری طریقے سے جدوجہد کرے گی۔ انہو ں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا، پہلے بھی کے الیکٹرک کی چوری اور غنڈہ گردی کے خلاف کامیاب مہم چلائی ہے،عوام تاجر ودیگر سماجی طبقے کے افراد کے الیکٹرک کے خلاف دھرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے سپورٹرز بھی شارع فیصل کے دھرنے میں شرکت کریں،پی ٹی آئی والے کس چیز کا احتجاج کر رہے ہیں؟،اگر احتجاج کرنا ہے تو وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے کریں، پی ٹی آئی کے الیکٹرک کے خلاف مظاہرہ اس لیے کر رہی ہے، تاکہ کے الیکٹرک کو سوئی گیس سے اضافی گیس دلوائی جا سکے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کو 2018اور 2019میں 90ارب کی سبسڈی دی گئی، لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ جاری ہے۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ کے الیکٹرک مافیا نے کراچی کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے،حکمران جماعتیں کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں،کراچی کے عوام نوسربازوں کے دھوکے میں نہ آئیں بلکہ ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف پورے شہر میں آواز بلند کی ہے، کے الیکٹرک کے خلاف مہم مسائل حل ہونے تک جاری رہے گی،کے الیکٹرک قاتل الیکٹرک بن گئی ہے، ابھی تک 150سے زائد افراد کو قتل کر چکی ہے۔