قومی اسمبلی اپوزیشن کا ا سٹیل ملز کی نجکاری کیخلاف شدید احتجاج
شیئر کریں
اسٹیل ملز ملازمین کا معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا، پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ نے ایوان میں بینرز لہرا دیئے اس دور ان ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بینرز کی تقسیم کو خلاف قاعدہ قرار دیا ،بینرز پر پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے ۔ بدھ کو ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے آغا رفیع اللہ نے کہاکہ اسد عمر نے اسٹیل ملز کے ملازمین کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا، اسد عمر بتائے اسٹیل ملز کے ملازمین کو تن تنہا کیوں چھوڑ دیا۔بغیر مائیک کے ایوان میں تقریر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آپ نے تو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا آپ کم سے کم اپنا وعدہ ہی وفا کردیں۔ قاسم خان سوری نے کہاکہ جب آپ کی باری آئیگی اس وقت بات کیجیے گا۔ آغا رفیع اللہ نے ڈپٹی اسپیکر پر طنز کیا کہ آپ باری ہمیں دیتے ہی نہیں ہیں۔بعد ازاں ڈپٹی سپیکر نے شور ختم کرادیا۔پیپلز پارٹی کے رکن کی تقریر کے دوران پارٹی ارکان مقرر کے پیچھے پلے کارڈ اٹھاکر کھڑے رہے۔ اجلاس کے دور ان ایم ایم اے کی جانب سے ایوان میں کم سے کم اراکین کی موجودگی کی حکومتی حکمت عملی کی مخالفت کی گئی ،مخالفت ایم ایم اے کے رکن مولانا عبدالواسع نے کی۔مولانا عبد الواسع نے کہاکہ ہمارے تمام اراکین کی کرسیاں ایوان میں لگائی جائیں،جتنے ہمارے اراکین ایوان میں آنا چاہیں گے، آئیں گے۔