میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی کوآلودہ پانی کی فراہمی اورچوری

کراچی کوآلودہ پانی کی فراہمی اورچوری

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۱ جون ۲۰۱۷

شیئر کریں

عدالتی کمیشن کی رپورٹ کے باوجود کسی افسر کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی
سپریم کورٹ کے حکم پر قائم عدالتی کمیشن نے پورے صوبے کا پانی کا نمونہ حاصل کیا ، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پورے صوبے کے کسی شہر کو صاف پانی نہیں دیا جا رہا، ہر شہری آلودہ پانی پی رہا ہے
کراچی کے اطراف میں ریتی بجری متواتر اٹھائی جا نے کے باعث قدرتی پانی کے ذخائر زیادہ گہرائی میں جا رہے ہیں،روک تھام کے لیے پولیس و رینجرز کو احکامات جاری
الیاس احمد
کراچی کو منی پاکستان اس وجہ سے کہا جاتا ہے کیونکہ اس شہر میں پورے ملک سے تعلق رکھنے والے افراد رہتے ہیں ،ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ پورے ملک کے 150 سے زائد اضلاع کے رہائشی کراچی میں رہتے ہیں حتیٰ کہ پورے ملک کے ہر تحصیل کے لوگ بھی کراچی میں رہتے ہیں لیکن جب کراچی میں پانی کا مسئلہ سامنے آتا ہے تو پھر تینوں صوبے اس پر خاموش ہو جاتے ہیں۔ اس اہم ایشو پر تین صوبوں کے ان باشندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں سے کہیں کہ وہ کراچی کو مزید صرف 1200 کیوسکس پانی فراہم کردیں کیونکہ کراچی میں آبادی کا دباﺅ بڑھتا جا رہا ہے ۔ اگر کراچی میں پانی کی کمی ہوگی تو پھر جہاں دوسرے پیاسے رہیں گے وہاں تین صوبوں کے وہ باشندے بھی پیاسے رہیں گے جو اس وقت کراچی میں قیام پذیر ہیں۔ اس سے پہلے وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے لیے یہی منطق بتا کر چاروں صوبوں سے پانی کا حصہ لے لیا تھا لیکن اب وفاقی حکومت یہی منطق دوبارہ کراچی کے لیے نہیں استعمال کر رہی بلکہ حکومت سندھ جب یہی منطق وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو بتاتی ہے تو وہ اس کو ٹال دیتے ہیں۔ کراچی میں پانی کی اس وقت شدید کمی ہے کیونکہ 1200 کیوسکس کینجھر (کلری) جھیل سے اور 500 سے زائد کیوسکس حب ڈیم سے مل رہا ہے لیکن کے فور منصوبے کے لیے مزید1200 کیوسکس کی ضرورت ہے۔ کراچی کو کس طرح کا پانی دیا جا رہا ہے ؟ اس پر سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس اقبال احمد کلہوڑو کی سربراہی میں ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیا اس کمیشن نے تین ماہ تک پورے صوبے میں پانی کے نمونے حاصل کیے اور پھر ایک تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی۔ اس رپورٹ میں ایک اہم انکشاف یہ کیا گیا کہ کراچی کے اطراف میں ریتی بجری متواتر اٹھائی جا رہی ہے جس کے باعث کراچی میں قدرتی پانی کے ذخائر زیادہ گہرائی میں (نیچے) جا رہے ہیں۔ اس سے کراچی کو ایک نقصان یہ ہو رہا ہے کہ اگر قدرتی پانی نکالنے کے لیے موٹر یا ہینڈ پمپ لگائے جائیں گے تو پانی زیادہ گہرائی میں ملے گا کیونکہ ریتی بجری کے باعث پانی روز انہ نیچے جا رہا ہے۔ اس عدالتی کمیشن نے دوسرا انکشاف یہ کیا گیا کہ کلری جھیل سے جو پانی کراچی کو فراہم کیا جا رہا ہے وہ بھی پانی چوری ہورہا ہے اس پر سپریم کورٹ نے حکومت سندھ کو حکم دیا ہے کہ فوری طور پر ریتی بجری کے اٹھانے پر پابندی عائد کی جائے اور کلری جھیل سے کراچی تک پانی کی پائپ لائن کی سیکورٹی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اس حکم پر محکمہ داخلہ سندھ نے چار الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں جس میں ڈی جی رینجرز، کمشنر کراچی، آئی جی سندھ پولیس اور ڈی آئی جی شرقی کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ فوری طور پر کراچی میں ریتی بجری اٹھانے پر پابندی کا اطلاق ہوگا، اب اگر کسی نے کراچی کی حدود سے ریتی بجری اٹھائی تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس اور رینجرز کو پابندی بنایا گیا ہے کہ وہ ملیر ندی کے اطراف میں عارضی چوکیاں قائم کرے اور اپنا گشت بڑھائے ۔ اور جن افراد، نجی اداروں کو ریتی بجری اٹھانے کی اجازت ملی ہوئی ہے ان پر نظرثانی کی جائے اور ملیرندی کے اطراف میں جو اجازت نامے دیئے گئے ہیں وہ سب منسوخ کیے جائیں، پولیس اور رینجرز کو پابندبنایا گیا ہے کہ جو پمپنگ اسٹیشن اور ہائیڈ رینٹس ہیں ان کی سیکورٹی کے لےے اقدامات کیے جائیں۔ وہاں پولیس کے لیے رہائش کا انتظام کیا جائے کیونکہ کراچی سے 40 کلو میٹر باہر جو پولیس اہلکار ڈیوٹی دینے جائیں وہ 8 گھنٹے یا 12 گھنٹے میں واپس اپنے گھر نہیں آسکیں گے کیونکہ ایک تو ڈیوٹی سے وہ تھک جائیں گے اور دوسرا 40 کلو میٹر سفر کریں اس لیے ان کو وہیں رہائش گاہ فراہم کی جائے۔ گھارو سے لے کر کراچی تک پانی کی روانی سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس کو اضافی چوکیاں بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈی جی رینجرز سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ مقام پر رینجرز کی تین موبائلیں مسلسل گشت کرتی رہیں تاکہ پانی کی بہتر فراہمی ہوسکے۔ ان احکامات کے بعد سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ جو احکامات دیئے گئے تھے اس پرمن و عن عمل کر دیا گیا ہے۔ عدالتی کمیشن نے حیرت انگیز طور پر پورے صوبے کا پانی کا نمونہ حاصل کیا ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پورے صوبے کے کسی شہر کو صاف پانی نہیں دیا جا رہا۔ اگر ہر شہری آلودہ پانی پی رہا ہے تو پھر حکمرانوں کو یہ حق پہنچتا ہے کہ وہ مظلوم عوام پر حکومت چلائیں ؟ عدالتی کمیشن نے 2000 سے زائد صفحات پر مشتمل جو رپورٹ دی ہے وہ ایک تاریخی دستاویز ہے اور حکومتی اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت سندھ نے تاحال کسی ایک بھی افسر کے خلاف کارروائی نہیں کی۔عدالتی کمیشن نے جو کام کیا ہے وہ تو حکومت سندھ کو کرنا تھا کیونکہ پانی تو بنیادی اور فطری ضرورت ہے اور اگر حکومت سندھ صاف پانی شہریوں کو فراہم نہیں کرسکتی تو پھر اس کو حق حکمرانی بھی نہیں ہونا چاہیے۔ ان سے توارباب غلام رحیم اچھے تھے جب وہ وزیراعلیٰ تھے تو اس وقت حیدر آباد میں آلودہ پانی سے 50 افراد ہلاک ہوئے تھے تو انہوں نے اس وقت کے سیکریٹری آبپاشی کو معطل کر دیا ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں