ذہن میں صرف تھا کورونا سے نجات پانی ہے ، صحتیاب نوجوان کی گفتگو
شیئر کریں
کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے سوات کے 30 سالہ جنید خان نے کہا ہے کہ مہلک مرض سے ڈرنے کے بجائے اس سے لڑکر ہی مقابلہ کرنا چاہیے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں جنید خان نے کہا کہ وہ جب کراچی سے سوات آئے تو 2 دن طبیعت ٹھیک رہی لیکن اس کے بعد طبیعت خراب ہونا شروع ہو گئی۔جنید کے مطابق انہوں نے گولیاں لیں تو بیماری کی علامات بڑھ گئیں۔جنید خان نے کہا کہ مجھے پتا تھا میں نے سفر کیا ہے اور ساتھ ہی جسم میں تبدیلیاں بھی ہورہی ہیں تو میں نے ٹیسٹ کروالیا، جو مثبت آیا اور میں ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل ہوگیا۔انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق ادویات لیں، ڈاکٹر نے کھانے میں پرہیز کا نہیں کہا بلکہ یہ ہدایت دی کہ جتنا کھانا ممکن ہو کھائیں۔کورونا وائرس کو شکست دینے والے جنید نے کہا کہ جسے معلوم ہو اسے کورونا ہے ، وہ دماغی طور پر بہت ڈسٹرب ہوجاتا ہے ، میرے ذہن میں صرف یہ تھا کہ اس بیماری سے نجات پانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس دوران اللّٰہ تعالیٰ سے دعائیں مانگیں اور کورونا وائرس سے ڈرنے کے بجائے لڑنے کی کوشش جاری رکھی۔