العزیزیہ کیس ، نوازشریف کی درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں نئی اپیل
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے العزیزیہ کیس میں درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں نئی اپیل دائرکردی۔نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل نے سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے اپیل دائر کی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست ضمانت کی 6 ؍مارچ کو سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا لیکن استدعا ہے کہ معاملے کی نزاکت اوربگڑتی صحت کے سبب کیس کو رواں ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے ۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید جبکہ ڈیڑھ ارب روپے اور 25 ملین ڈالر جرمانے کا حکم سنایا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 25 فروری کو نوازشریف کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس کی جلد سماعت کے لیے اپیل مسترد کی جاچکی ہے ۔ عدالت عظمی نے قرار دیا تھا کہ درخواست باری آنے پر سنی جائے گی۔