
نیشنل اسٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے تیار
شیئر کریں
نیشنل ا سٹیڈیم کراچی کا افتتاح آج شام ہوگا،رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ہو گا
آتشبازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ ،داخلہ مفت ہوگا،معروف گلوکار پرفارم کرینگے
ایک اور وعدہ پورا، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ہدایت پر نیشنل سٹیڈیم کراچی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ذاتی مانیٹرنگ میں یہ منصوبہ 120 دنوں میں مکمل کیا گیا ہے ، جس کے دوران ورکرز نے دن رات محنت کی۔نیشنل سٹیڈیم کراچی کا افتتاح آج ( منگل)شام ہوگا ۔ اس موقع پر رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔ تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا اپنی آواز کا جادو جگائیں گے ۔ آتشبازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ بھی ہوگا جبکہ عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا کہ 28 ستمبر 2024 کو نیشنل سٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا گیا اور الحمدللہ 31 جنوری 2025 کو تمام تعمیراتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں۔نیشنل سٹیڈیم کی تعمیر میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں پویلین عمارت کی مکمل دوبارہ تعمیر، ہر انکلوژر میں نئی کرسیاں، جدید ایل ای ڈی لائٹس، جدید سکور سکرینز اور شائقین کے بہتر ویو کے لیے جنگلے ختم کیے گئے ہیں۔ تمام ہاسپٹلٹی باکسز کی تزئین و آرائش کی گئی ہے ۔ نئی رنگ روڈ اور پیڈسٹرین برج کی تعمیر کی گئی ہے ۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزید کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام مزدوروں، ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی پوری ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں۔ اس نئے اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے دوران کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے ۔