آرڈیننس تو جمہوری طریقہ کار ہی نہیں،سپریم کورٹ
شیئر کریں
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریمارکس د ئیے ہیں کہ ، جمہوری نظام حکومت میں تو پارلیمنٹ سپریم ہوتی ہے، آرڈیننس تو جمہوری طریقہ کار ہی نہیں ہے۔سپریم کورٹ میں سیکنڈ ایمپلائز ایکٹ نظر ثانی کیس پر سماعت ہوئی۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بہت لوگ نکالے گئے لیکن ایکٹ صرف خاص گروپ کو ریلیف دینے کیلئے کیوں بنایاگیا ؟، قانون سازوں کے ذہن تو نہیں پڑھ سکتے تاہم پیش کی گئی دستاویزات بھی خاموش ہیں، تقرریاں درست ہوں یا غلط کیا دس بارہ سال ملازمت کا کوئی فائدہ دیا جا سکتا ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فیصلے سے دس بارہ سال ملازمت سے حاصل ہونے والے فائدے کو بھی روک دیا گیا۔ وکیل حامد خان نے دلائل دیئے کہ 19 سال کی عمر میں بھرتی ہونے والا بھی 40 سال کا ہوچکا ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آرڈیننس کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں کا سٹیٹس بھی دیکھنا ہے، آ رڈیننس تو ختم ہو جاتا ہے کیا اس کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین رہ سکتے ہیں ؟۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ آ رڈیننس تو جمہوری طریقہ کار ہی نہیں ، پھر تو ہر حکومت آرڈیننس لائے بھرتیاں کرے، ایسے تو سارے کام آرڈیننسز سے ہی چلتے رہیں گے، جمہوری نظام حکومت میں تو پارلیمنٹ سپریم ہوتی ہے۔وکیل رضا ربانی نے موقف اختیار کیا کہ موجودہ دور حکومت میں کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے، عدالت کو ایکٹ کی اہمیت کیلئے مختلف دستاویزات دکھائوں گا، ایکٹ کا کوئی بھی سیکشن بنیاد حقوق یا آئین کے خلاف نہیں۔