میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
چینی قونصلیٹ حملہ ڈیفنس کار بم دھماکا،سندھ کی دو علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا انکشاف

چینی قونصلیٹ حملہ ڈیفنس کار بم دھماکا،سندھ کی دو علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک
پیر, ۱۰ دسمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے اور ڈیفنس میں کار بم دھماکاکرنے والے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا سراغ مل گیا ہے۔ کراچی میں سندھ کی دو علیحدگی پسند تنظیمیں بھی سرگرم ہیں جبکہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کارندے بھی کراچی میں موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چینی قونصل خانہ حملہ کیس اور ڈیفنس میں کار بم دھماکے کی تفتیش میں تحقیقاتی ادارے نے کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا، جو حملوں میں ملوث ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ کی جیلوں میں قید کالعدم تنظیموں کے کارکنان کا تعلق مذکورہ کارروائیوں سے مل گیا۔
تفتیشی ٹیموں کا دعویٰ ہے کہ دہشت گردی کا نیٹ ورک افغانستان سے آپریٹ کیا جاتا ہے، بلوچستان میں بھی اس نیٹ ورک کے شواہد ملے ہیں۔ اس سلسلے میں تحقیقاتی ادارے نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے کی سفارش پر سندھ بھر کی جیلوں میں قید کالعدم تنظیم کے قیدیوں سے تفتیش کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد تحقیقاتی ادارے کے افسران نے تمام جیلوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود قیدیوں سے تفتیش کی تو انکشاف ہوا کہ قیدیوں کا کراچی میں حالیہ کارروائیوں سے تعلق ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ اس انکشاف کے بعد قید دہشت گردوں سے تفتیش کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے ،جبکہ قید دہشت گردوں سے اہم معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔
ان معلومات کی روشنی میں مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں 11 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہاکہ تحقیقاتی ادارے کو دونوں واقعات میں غیر ملکی قوتوں کا ہاتھ ہونے کے شواہد ملے ہیں جس میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک افغانستان سے آپریٹ کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں حملوں میں بلوچ لبریشن آرمی کے حملے کی تحقیقات کے دوران تحقیقات کاروں کو سندھ سے تعلق رکھنے والی 2 علیحدگی پسند کالعدم تنظیموں کے کراچی میں نیٹ ورک کے شواہد مل گئے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں