کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خود کش دھماکا 27افراد شہید ،62سے زائد زخمی
شیئر کریں
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 27افراد جاں بحق اور 62سے زائد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔ دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے ۔ریلوے حکام نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کی اور آگاہ کیا کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔حمزہ شفقات نے بتایا کہ دھماکے میں 27افراد جاں بحق ہوئے ، دھماکے کے 17زخمی سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 19سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔بعدازاں ترجمان صوبائی محکمہ صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد سول ہسپتال میں زیر علاج مزید دو زخمی دم تو ڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی ہے ۔ترجمان محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن دھماکے میں 62 افراد زخمی ہوئے ہیں۔قبل ازیں ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ بظاہر لگ رہا ہے دھماکا خودکش تھا، دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر 100سے زائد افراد موجود تھے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے ) نے صحافیوں کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔اے ایف پی نے کالعدم بی ایل اے کے اس دعوے کو بھی رپورٹ کیا کہ خودکش حملے میں پاکستانی فوج کے ایک دستے کو نشانہ بنایا گیا ہے جو انفینٹری اسکول سے کورس مکمل کرنے کے بعد واپسی کی تیاری کر رہا تھا۔اس سے قبل کالعدم بی ایل نے کراچی میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب 6اکتوبر 2024 کو ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی، جس میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔وزیراعظم شہبازشریف ، قائم مقام صدر سید یوسف رضاگیلانی، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔ وزیراعظم نے ذمہ داروں کو تلاش کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ایم ایس ڈاکٹر نور اللہ کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔