کے الیکٹرک کے فراڈ ،نادہندگان کے 68؍ ارب بل دینے والوں کے سرڈالنے کی تیاری
شیئر کریں
کے الیکٹرک نے نادہندگان کے 68ارب روپے بھی بروقت بل دینے والوں سے وصول کرنے کی تیاری مکمل کر لی۔نادہندگان کے 2016 سے پہلے کے 26 ارب روپے بھی واجبات میں شامل ہیں، کے الیکٹرک نے نیپرا میں رائٹ آف کلیم کی درخواست دائر کر دی، درخواست میں 2016 سے 2023 تک نادہندگان کے اربوں روپے ٹیرف میں شامل کرنے کی اجازت مانگی ہے ۔کے الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا نے 14 اعتراضات عائد کردیئے ہیں، نیپرا نے کے الیکٹرک نادہندگان کی رقم کو مشکوک رقوم قرار دے دیا۔نیپرا نے پوچھا ہے کہ کے الیکٹرک 2016 سے پہلے کے 26 ارب روپے کلیم کیوں کر رہا ہے ؟ کیا کے الیکٹرک نے نادہندگان کے بجلی کنکشن منقطع کیے ؟ کیا کے الیکٹرک کے پاس نادہندگان کا مکمل ریکارڈ موجود ہے ؟نیپرا نے استفسار کیا ہے کہ کے الیکٹرک نے ایک کروڑ سے کم نادہندگان کے کنکشن منقطع کیوں نہیں کیے ؟ کیا کے الیکٹرک نے نادہندگان سے وصولی کے لیے قانون کا سہارا لیا؟ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال میں ٹیرف میں 5 اعشاریہ 2 فیصد اضافہ دوبارہ کیوں مانگا گیا؟نیپرا نے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے اور فریقین سے 7 دنوں میں آراء طلب کر لی، نیپرا درخواست پر 21 نومبر کو سماعت کرے گا۔