میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
افغانستان میں 2کروڑ30لاکھ افرادغذائی قلت کاشکار،پاکستان کاہنگامی امدادکافیصلہ

افغانستان میں 2کروڑ30لاکھ افرادغذائی قلت کاشکار،پاکستان کاہنگامی امدادکافیصلہ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۰ نومبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وفاقی کابینہ نے وافر مقدار میں گندم اور چاول افغانستان بھیجنے اور افغانستان کی تمام درآمدات پر ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں 2کروڑ 30لاکھ افراد خوراک کی کی کا شکار ہیں اور اب تک 8بچے خوراک کی عدم دستیابی کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں، ہم دنیا کو اپنے خدشات کا پہلے ہی اظہار کرچکے تھے لیکن اب ہم تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے جو افغان باشندوں کے لیے مناسب ہوں گے۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ سے متعلق بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وافر مقدار میں گندم اور چاول افغانستان بھیجنے اور افغانستان کی تمام درآمدات پر ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اسلام آباد میں آئندہ ماہ منعقد کیا جائے گا جہاں مسلم ممالک سے خوارک سے متعلق افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے اپیل کی جائے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر افغانستان کو خوراک کے بحران سے نہیں بچایا گیا تو صورتحال ناقابل یقین تک خراب ہوجائے گی اور اس بارے میں ہر فورم اور سطح پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے خصوصی فنڈ قائم کردیا ہے جس میں پاکستان کے عوام عطیات جمع کراسکتے ہیں۔ آئندہ چند روز میں پاکستان کا دورہ کرنے والے افغانستان کے وفد کے ساتھ انسانی المیہ سے متعلق بھی بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اثاثے منجمد ہونے کی وجہ سے وہاں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور انہیں بیرونی امداد بھی حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے افغانستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔افغانستان سے انتہائی مایوس کن خبریں آرہی ہیں کہ خوراک کے لیے بچوں کو فروخت کیا جارہا ہے ،علاوہ ازیں فواد چوہدری نے بتایا کہ عالمی منڈی گیس اور آر ایل این جی کی قیمت بڑھنے کے پیش نظر اور گیس کے غیر قانونی استعمال روکنے کے لیے وفاقی کابینہ نے کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت 6.5 ڈالر سے بڑھا کر 9ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کردیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ قیمتوں کا اطلاق 15نومبر 2021سے 31مارچ 2022تک ہوگا، اس اضافے کا گھریلو صارفین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے گیس کے ذخائر سالانہ 9فیصد کم ہورہے ہیں، برآمدی صنعت کے لیے گیس سستی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، گھریلو صارفین کے لیے گیس کی بلاتعطل سپلائی جاری رہے گی۔ فواد چودھری نے کہا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ارکان اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ پارلیمان کے جوائنٹ سیشن میں الیکٹورل سمیت دوسری قانون سازی پر کام ہوگا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا کا کردار متنازع رہا ہے، جو بھی چیز آتی ہے وہ اسے تین گنا زیادہ کرکے دکھاتا ہے جس سے اپنا اور ملک کا نقصان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک مسئلہ ہے جسے بہت جلد ڈیل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں واقع پی ٹی ڈی سی کی املاک کو شفاف طریقے کے نجی شعبے کو لیز پر دینے کی منظوری دی ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ ہی منصوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لیے بھی ہوگا، اس وقت سیاحت کا رحجان بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پی ٹی ڈی سی کی املاک کو لیز کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ بلوچستان نے کہا کہ وہ حتمی فیصلہ کرکے آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات کے تعاون سے 911کی ہیلپ لائن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد تمام دیگر ہیلپ لائن 911میں ضم ہوجائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں