سلمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے پر بینک افسران کو شوکاز نوٹس
شیئر کریں
لاہور کی سینٹرل عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز شریف کے بینک اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے پر بینک افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر17ستمبر کو طلب کر لیا۔ اسپیشل کورٹ سینٹرل نے سلمان شہباز کے13بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والے بینک افسران کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر کیوں نہ بینک افسران کے خلاف فوجدار ی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عدالت نے بینک افسران کو 17ستمبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ بینکوں کو اشتہاری ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا واضح حکم دیا گیا تھا، عدالتی حکم کے حوالے سے تفتیشی افسر نے بھی بینکوں کو آگاہ کیا تھا لیکن بینکوں نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کے بجائے اشتہاری سلمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس کی صرف تفصیلات فراہم کی ہیں اور انہیں منجمد نہیں کیا۔ تحریری حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ بینکوں کے افسران عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں لہٰذا بینک افسران آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے سلمان شہباز کے 13 نئے بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے پیش کردہ تفصیلات کی روشنی میں ان بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ عدالت کیس کی مزید سماعت 17ستمبر کو کرے گی۔