سندھ کے بلدیاتی اداروں کی نگرانی فوجی افسران نے سنبھال لی
شیئر کریں
(رپورٹ :اسلم شاہ) نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے کراچی کے بلدیاتی و شہری اداروں کی نگرانی اور عملدآمد کے کام کا آغاز کردیا ہے ۔ بدھ کے روزبریگیڈیئر شہزاد سلیم کی سربراہی میں چار کرنل اور چارمیجرز کی سطح کے حاضرسروس افسران نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ، ڈپٹی میئر سیکریٹریٹ کے آفس میں بریگیڈیئر شہزاد سلیم نے اپنا دفتر قائم کرلیا ہے۔ بریگیڈئیر شہزاد سلیم نے گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹرکراچی افتخار شلوانی کے ہمراہ بلدیہ عظمی کراچی کے تمام ڈائریکٹرز کو خطاب کیاہے۔اطلاعات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی میں حاضر سروس فوج کے ہمراہ کئی اہلکار بھی اپنے فرائض اداکریں گے ۔پہلے مرحلے میں این ڈی ایم اے کے افسران نے بلڈ نگ کے کیمرے نہ چلنے کا نوٹس لیا اور اس کو درست کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہناتھا کہ بریگیڈیئر شہزاد سلیم نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے محکوں میں حاضری کو یقینی بنائیں، کراچی کی صفائی ستھرائی کو بہتر بنائیں ، نالوں کے علاوہ شہر کے تمام علاقوں سے کچرا اُٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے کاموں کو ہنگامی اورجنگی بنیادوں پرکام کریں۔اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کو دنیا کا صاف اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک شہر بنایا جائے گا۔ افسران کو بھی ہدایت کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ ہرافسر اور عملہ اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام دے گا۔کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلدیہ عظمی کراچی کو چا ر حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے ایڈمنسٹریشن، فنانس، لینڈ انفورسمنٹ اورصفائی ستھرائی کے کام الگ الگ کرنل رینک کے افسران کی زیرنگرانی انجام دیے جائیں گے اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، سند ھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، کنٹوٹمنٹ بورڈز، تینوں ڈیولپمنٹ اتھارٹیز، ضلعی میونسپل کارپوریشن سمیت تما م شہری و بلدیاتی اداروںکے درمیان مشاورت اور باہمی تعاون سے کام کو بہتر بنایا جائے گا،بلدیہ عظمی کراچی کے ذمہ دار افسر کا کہناتھا کہ جمعرات کے روز کراچی کی صفائی ستھرائی پر ایک اہم اجلاس بھی بریگیڈئر شہزاد سلیم کی سربراہی میں ہوگا جس میں کنٹونمنٹ بورڈ ز کے چیف ایگزیکٹوز ، سندھ سالیڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی،کے ڈی اے ، ایم ڈی اے ، ایل ڈی اے، چھ ضلعی بلدیات اور دیگر انتظامی افسران کے سربراہان شرکت کریں گے، اجلاس کے بعد کراچی کی صفائی کا لائحہ عمل ترتیب دیے جانے کی توقع ہے ، بریگیڈیئر شہزاد سلیم جمعرات کو شہرکے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کریں گے ،سندھ حکومت کے جانب سے ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کے چوبیس گھنٹوں بعد این ڈی ایم اے کی بلدیہ عظمی کراچی کی مانیٹرنگ اور کنٹرول سنبھالنے پر ملے جلے جذبات سامنے آرہے ہیں۔ بعض افسرا ن اور ان کا عملہ بھی خوشی کا اظہار کررہاہے۔ کے ایم سی کے ایک اہم افسر نے نمائندہ جرأت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوان سندھ حکومت کے کنٹرول میں جانے کے بجائے این ڈی ایم اے کی مانیٹرنگ سے خوف کی فضا ختم ہوجائے گی ، موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ایک بار پھر ایڈمنسٹریٹرریٹائرڈ بریگیڈئیر عبدالحق کا 2000-2001ء کا دور یاد آگیا۔جس میں دو بریگیڈئیر اور کئی کرنل رینک کے افسران تعینات کیے گئے تھے۔