میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مراد علی شاہ کو ہٹانے کا منصوبہ ناکام،سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ

مراد علی شاہ کو ہٹانے کا منصوبہ ناکام،سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ

ویب ڈیسک
هفته, ۱۰ اگست ۲۰۲۴

شیئر کریں

 

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر زرداری سے پی پی رہنمائوں کی ملاقاتیں، سندھ کابینہ میں تبدیلی کا اصولی فیصلہ، پی پی قیادت نے وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ کی حمایت کردی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بیرون ملک سے واپسی پر کراچی پہنچے اور پی پی رہنما صوبائی وزیر سید ناصر شاہ کو ساتھ لے کر اسلام آباد پہنچے جہاں پر صدر آصف علی زرداری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر توانائی سید ناصر شاہ کی اہم ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران حکو مت سندھ کے اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کے ایک طاقتور رہنما اور سینئر وزیر شرجیل میمن نے حال ہی میں وزیراعلیٰ سندھ کو تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی تھی اور پی پی قیادت کو یقین دہانی کروائی کہ وہ پی پی قیادت کی تمام توقعات پر پورا اُتریں گے اس لئے ان کو موقع دیا جائے، نثار کھوڑو کے پی اے سی چیئرمین بننے کے بعد طاقتور صوبائی وزیر نے لابنگ کرکے مراد شاہ کو ہٹانے اور کسی شاہ کو وزیراعلیٰ نہ بنانے کی تجویز پیش کی، جس کے بعد پی پی چیئرمین بلاول بھٹو، صوبائی وزیر سید ناصر شاہ کو ساتھ لے کر اسلام آباد پہنچے، ایوان صدر میں پی پی قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا کہ وہ مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ برقرار رکھنے کے حامی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کے اہم وزیر کی جانب سے وزیراعلیٰ بننے کی کوششوں پر سندھ کے شاہ اکٹھے ہو گئے ہیں۔ اس لئے وزیرتوانائی ناصر شاہ نے اپنا وزن بھی مراد علی شاہ کے پلڑے میں ڈال دیا ہے ، پی پی کی طاقتور خاتون رہنما بھی وزیراعلیٰ سندھ کی دوڑ سے دستبردار ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں پی پی قیادت اور رہنمائوں میں فیصلہ کیا گیا ہے سندھ کابینہ میں جلد تبدیلی کی جائے گی ، وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ ، ایکسائز و ٹیکسیشن شرجیل میمن سے سینئر وزیر کا درجہ واپس لے کر وزیر توانائی سید ناصر شاہ کو سینئر وزیر بنایا جائے گا، اطلاعات کا محکمہ بھی تبدیل ہوسکتا ہے اور سعید غنی کووزیر اطلاعات سندھ بنانے کا امکان ہے، محکمہ محنت سعید غنی کو اضافے محکمہ کے طور دیا جائے گا، محکمہ بلدیات سعید غنی سے واپس لے کر سید ناصر شاہ کے حوالے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ میں تبدیلی کے باعث سابق وزیر امتیاز شیخ کو دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے اور ان کو اہم محکمہ دیے جانے کا امکان ہے، وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سے محکمہ مائنز اینڈ منرلز واپس لے کر صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کو دیے جانے کا امکان ہے، سماجی بہبود کے وزیر میر طارق تالپور کو یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کا محکمہ دینے کا امکان ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں