نگراں وزیراعظم کے لیے اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان مشاورت
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت ہوئی جس میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ اور جلیل عباس جیلانی مضبوط امیدوار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے مدعو کیا تھا جس کے وہ وزیراعظم سے ملنے پہنچے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر مشاورت جاری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کے نام تجویز کیے ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ابھی نام سامنے نہیں آئے ہیں۔ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔ ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔ دوسری جانب سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔ ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ ان کا نام نگراں وزیراعظم کے لیے منظور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ آج وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں نگراں وزیر اعظم کے نام پر بات چیت کی گئی۔ تاہم یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہو سکی کہ ملاقات کے دوران میں شہباز شریف اور راجہ ریاض کے درمیان کن ناموں پر مشاورت ہوئی اور اس مشاورتی عمل میں کن ناموں پر زیادہ زور دیا گیا۔