سندھ اسمبلی، نو منتخب ارکان کا افتتاحی بریفنگ کا ڈرافٹ تیار
شیئر کریں
سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے نئے ارکان اسمبلی کا افتتاحی بریفنگ کا ڈرافٹ تیار کرلیا،ارکان اسمبلی کو تنخواہ کے علاوہ ہاسٹل،کارپارکنگ و دیگر الاؤنسز دیے جائیں گے،اسمبلی کو سال میں سو دن اجلاس کرنا لازمی ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے 25 جولائی 2018 کے انتخابات کے روشنی میں قائم ہونے والی اسمبلی کے ارکان کو افتتاحی بریفنگ دینے کیلیے ڈرافٹ تیار کرلیا ہے۔
حاصل شدہ ڈرافٹ کے مطابق سندھ اسمبلی کے افتتاحی سیشن میں اسپیکر آغا سراج درانی تمام نئے کامیاب ارکان اسمبلی سے آئین کے مطابق سندھی،اردو و انگریزی زبان میں حلف لیں گے۔ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب ہوگا، نئے اسپیکر کے آنے کے بعد آغا سراج درانی اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو جائیں گے اور اسپیکر کی کرسی نئے منتخب اسپیکر کے حوالے کرینگے، نومنتخب اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلیے ووٹنگ کرائیں گے،ڈرافٹ کے مطابق اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا ،نئے قائد ایوان کسی بھی وقت اعتماد کا ووٹ حاصل کر سکیں گے،قائد حزب اختلاف کا انتخاب ارکان اسمبلی کی حلف برداری کے سات دن کے اندر ہونا لازمی ہے۔ارکان اسمبلی کو ماہوار 50 ہزارتنخواہ کے علاوہ 45 ہزار ہاؤس الاؤنس و 15 ہزار بجلی و گیس الاؤنس، 15 ہزار آفس مینٹیننس الاؤنس،فون و موبائل کی مد میں 20ہزار روپے ملیں گے،اسمبلی کے لیے ایک سال میں سو اجلاس کرنا لازمی ہونگے جس کے تحت جون میں 15، ستمبرو دسمبر،مارچ میں 12/12،اگست ،اکتوبر،نومبر،جنوری، فروری ،اپریل اور مئی میں 7/7 اجلاس کرنے لازمی ہوں گے۔
ڈرافٹ کے مطابق حکومتی و حزب اختلاف کے ارکان کیلیے اسمبلی میں علیحدہ علیحدہ نشستیں الاٹ کی جائیں گے۔ارکان اسمبلی کے لیے 265 گاڑیوں کی پارکنگ رکھی گئی ہے،جبکہ ارکان اسمبلی کیلیے ایم پی ایز ہاسٹل میں رہائش کیلیے 24 منزلہ اور دس منزلہ عمارتیں تیار کی جا رہی ہیں، جو 2019 میں مکمل ہو جائیں گی۔ ارکان اسمبلی حلف اُٹھانے کے بعد اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے جس کے بعد قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔