میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اختیارات کاناجائزاستعمال،سندھ نرسنگ بورڈکی ناظمہ امتحانات کو شوکازنوٹس جاری

اختیارات کاناجائزاستعمال،سندھ نرسنگ بورڈکی ناظمہ امتحانات کو شوکازنوٹس جاری

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۰ جون ۲۰۲۲

شیئر کریں

( رپورٹ: مسرور کھوڑو )محکمہ صحت سندھ نے سندھ نرسنگ تعلیمی بورڈ کراچی میںخلاف ضابطہ بھرتیوںکا اشتہار جاری کرنے پر ناظمہ امتحانات خیر النساء کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، سیکریٹری صحت سندھ سید ذوالفقار شاہ نے خیر النساء سے13 جون تک وضاحت طلب کرلی ہے، ناظمہ امتحانات کا دعویٰ ہے کہ شوکاز نوٹس غلط فہمی کے بنیاد پر دیا گیا ہے، بھرتیوں کا تمام عمل بورڈ کے ممبران اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد شروع کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سندھ نرسنگ تعلیمی بورڈ کراچی میں گریڈ 18کی ناظمہ امتحانات خیر النساء کی جانب سے کچھ دن قبل تین اخبارات میں بھرتیوں کا اشتہار جاری کیا گیا، اشتہار جاری ہونے کے بعد نرسنگ تعلیمی بورڈ اور محکمہ صحت سندھ کے افسران میں کھلبلی مچ گئی، نرسنگ بورڈ میں گریڈ 16 کے کمپیوٹر آپریٹر کی ایک،گریڈ 16 کے ڈیٹاپروسیسنگ آپریٹر کی 2، گریڈ 11کے جونیئر کلرک کی 5آسامیوں سمیت 12 نوکریوں کا اشتہارجاری ہونے کے بعد محکمہ صحت سندھ کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لے لیا، سیکریٹری صحت سندھ سید ذوالفقار شاہ نے اشتہار کو خلاف ضابطہ قرار دے کرنرسنگ بورڈ کی کنٹرولر خیرالنساء کوشوکاز نوٹس جاری کیا ہے، شوکاز نوٹس میں تحریر ہے کہ سندھ نرسنگ بورڈ کی ناظمہ امتحانات نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے، خیر النساء نے آسامیاں مشتہر کی جس کیلئے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل نہیں کی گئی، مذکورہ بھرتیوں کا فیصلہ کرکے انہوں نے اختیارات کا نہ صرف ناجائز استعمال کیا بلکہ سندھ نرسنگ تعلیمی بورڈ کے رولز کی خلاف ورزی بھی کی ہے، شوکاز نوٹس میں ناظمہ امتحانات خیر انساء کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ بالا الزامات کا جواب دیں کہ آپ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیوں کیا۔اس حوالے سے سندھ نرسنگ تعلیمی بورڈ کراچی کی ناظمہ امتحانات خیر النساء کا کہنا ہے کہ سیکریٹری صحت سندھ کی جانب سے غلط فہمی کی بنیاد پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے، میری طرف سے کوئی غلط کام نہیں ہوا ہے اور ہر عمل قانون کے مطابق ہے، بھرتیوں کا تمام عمل بورڈ کے ممبران اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد شروع کیا گیا اور بورڈ کے سیکریٹری کو میٹنگ کے دوران کئے گئے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں