نیب ٹیم نے شہبازشریف کے سامنے اہم ثبوت رکھ دیے
شیئر کریں
آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب ٹیم نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے سامنے اہم ثبوت رکھ دیئے اور سوا گھنٹے تفتیش کی تاہم شہبازشریف متعدد سوالوں کے جواب نہ دے سکے۔تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ تحقیقات میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے ، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئیے گئے تھے اور پانچ سو اہلکارتعینات رہے۔ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نیب آفس پہنچی، جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی تمام ایس اوپیز ہوا میں اڑادیں۔نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپوزیشن لیڈر سے سواگھنٹے پوچھ گچھ کی، شہباز شریف نے دوران انوسٹی گیشن کیمرہ ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے متعدد سوالات کئے گئے، جس میں سے چند ایک کے ہی وہ جواب دے سکے ، نیب ٹیم نے شہبازشریف کے سامنے اہم ثبوت رکھے اور پوچھا کہ آپ کے خلاف 7 ارب روپے کا ریفرنس تیار ہے، کوئی جواب ہے تو بتا دیں، جس کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک روپے تنخواہ نہیں لی، نہ ہی ایک دھیلے کی کرپشن کی۔نیب ٹیم نے شہباز شریف کے جواب کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ نیب ٹیم مطمئن نہیں ہوئی تو شہبازشریف کو دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے۔خیال رہے عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرتے ہوئے نیب کو 17 جون تک انہیں گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے۔اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کیا تھا۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے شہباز شریف کو مفصل سوالنامہ فراہم کیا گیا تھا اور جوابات کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا تھا ،تاکہ وہ بیرون ملک سے مطلوبہ ریکارڈ حاصل کرسکیں۔