کیا پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ سکے گا؟
شیئر کریں
گروپ بی میں شامل بھارت، جنوبی افریقہ، سری لنکا اورپاکستان ایک ایک میچ جیت کر سیمی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں مدمقابل
کارڈف(ویب ڈیسک)کیا پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکے گا؟،آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی میں شامل چاروں ٹیمیں بھارت، جنوبی افریقہ، سری لنکا اورپاکستان ایک ایک میچ جیت کر سیمی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں مدمقابل ہیں۔اس گروپ میں بھارت 1.272+ کے رن ریٹ کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 1.000+ کے رن ریٹ کے ساتھ دوسرے، سری لنکا 0.879- کے رن ریٹ کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 1.544- کے رن ریٹ کے ساتھ بالترتیب چوتھے نمبر پر ہے۔اتوار کو بھارت اور جنوبی افریقہ جبکہ پیرکو پاکستان سری لنکا سے ٹکرائے گا۔ دونوں میچ جیتنے والی ٹیمیں سیمی فائنل کھیلنے کی اہل ہو جائیں گی۔لیکن اگر بارش ہوگئی اور بدقسمتی سے دونوں میچ بے نتیجہ ختم ہوئے تو بھارت اور جنوبی افریقہ بہتر رن ریٹ کے باعث سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے لیکن اگر صرف جنوبی افریقہ اور بھارت کا میچ ہی بے نتیجہ رہتا ہے تو بھارت سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گا اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔اسی طرح، اگر صرف پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہتا ہے تو سری لنکا سیمی فائنل میں جبکہ پاکستان اس ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔اتوار کو لندن میں محکمہ موسمیات کی جانب سے صرف 10فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے لیکن گزشتہ میچوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بارش کے حوالے سے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔