
کراچی سینٹرل ،پورشن مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن 13 بلڈرزگرفتار
شیئر کریں
کاروائیوں میں 19 بلڈرز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، بیشتر نے ضمانتیں کرالیں
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے کی مدعیت میں درج مقدمات میں 5 بلڈرز گرفتار ہیں
ثاقب روف، کاشف رؤف، فہد شفیق، سلمان بیٹر، فراز، جنید، نفیس، فیصل ہاشوانی پر مقدمات
کراچی سینٹرل میں پورشن بنانے والے بلڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 19 کے خلاف مقدمات درج، جبکہ 13 کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے پورشن بنانے والے بلڈرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، غیر قانونی بلڈرز مافیا کے خلاف کارروائیوں میں 19 بلڈرز کے خلاف 3 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، بیشتر نے ضمانتیں کرا لیں جبکہ کئی عدم گرفتار ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق سندھ حکومت کی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی سینٹرل میں پورشن کی آڑ میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈرز کے خلاف کاروائیاں شروع کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تیموریہ تھانے میں ثاقب بن روف، کاشف رؤف، فہد شفیق، سلمان بیٹر، فراز، جنید، نفیس، فیصل ہاشوانی کے خلاف مقدمہ نمبر 270/25 زیر دفعہ 384 385 420 34 ت پ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر صمد رضا مدعی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کاشف بن رئوف کو گرفتار کیا گیا ہے، باقی ملزمان یا تو مفرور ہیں یا انہوں نے ضمانتیں کرا لی ہیں۔ ناظم آباد تھانے میں ایف ائی آر نمبر 163 ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ماجد مگسی کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں اسد اللہ، دانش، سید بابر علی، کاشان رضا، اویس سید ذیشان، خرم شہزاد گرفتار ہیں۔ گلبرگ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 177/25 اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے مبشر کی مدعیت میں درج ہے جس کے تحت 5 بلڈر اسلم، ارسلان، ارشد فرحان باری جعفر اور عزیز گرفتار ہیں۔