ڈی سیز کو غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کریک ڈائون کا حکم
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کراچی کے تمام ڈی سیز کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈائون کا حکم۔ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی نے ایس بی سی اے کے تمام ڈائریکٹرز،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو بھی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے.انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور انسپکٹرز اپنے علاقوں میں چوکس رہیں تاکہ کوئی بھی غیر قانونی تعمیرات نہ ہوں. ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی نے کراچی ڈویژن کے تمام ڈی سیز کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ڈویژن کے تمام ڈی سیز سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979 کے تحت اپنے علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ایکشن لیں، عید کی چھٹیوں کے دوران کراچی میں غیر قانونی تعمیرات ہوسکتی ہے۔عبدالرشید سولنگی نے ڈی سیز کو خط لکھتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی ڈویژن کے تمام ڈی سیز اسسٹنٹ کمشنرز کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے لیے احکامات جاری کریں. دوسری جانب صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ڈیمالیشن ٹیم نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 2شادی حال سمیت متعدد غیر قانونی تعمیرات کو ختم کردیا ہے۔ڈی جی عبدالرشید سولنگی نے کہا کہ ناظم آباد ، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور سول لائیں میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا، کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔