ہم اپوزیشن کو حیران کردیں گے، آخری داو پیچ بھی ناکام ہوگا،وفاقی وزراء
شیئر کریں
وفاقی وزرا فواد چوہدری اور حماد اظہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا آخری داو پیچ بھی ناکام ہوگا، ہم مزید اکثریت سے واپس آکر انہیں حیران کردینگے۔اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ اپوزیشن کا آخری داو پیچ بھی ناکام ہوگا ہم مزید اکثریت سے واپس آکر اپوزیشن کو حیران کردیں گے۔وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم اپنے نمبرز شو کررہے ہیں، 179 سے زائد اراکین عمران خان کی حمایت کرتے ہیں، اپوزیشن 185کہہ رہی ہے میڈیا کے سامنے 172ہی شو کردے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں خریدوفروخت کابازارگرم تھا، نوازشریف نے بینظیرحکومت ختم کرنے کیلئے نوٹوں کی بوریاں کھولی تھیں، چھانگامانگاکی سیاست کی تھی، اب نوازشریف اورزرداری مل کر دوبارہ نئی مارکیٹ کھولناچاہتے ہیں، پیسے لگالوگوں کوخریدواورحکومت میں آو،یہ ان کی سیاست کاماڈل ہے لیکن پیسے کے بیوپاریوں کے راستے میں رکاوٹ صرف عمران خان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم الیکٹورل ریفارمز پر اپوزیشن سے بات کرناچاہتے تھے مگر انہیں عزت راس نہیں، اپوزیشن سے اب بات نہیں ہوگی ان سے ویسے ہی نمٹیں گے جیسے نمٹا جاتا ہے، عثمان بزدار وزیراعظم کے اعتماد پراپنا کام کررہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن نے اب بھی دکانیں لگانے کی کوشش کی، ہمارے تین ممبران نے وزیراعظم کو بتادیا، کل ایک اور ایم این اے بتایا کہ 10کروڑ روپے کی آفر کی گئی ہے، عدم اعتمادکامقصدہے بولی لگاو،ممبراٹھاوچھانگامانگالیجاو، ہم بیوپاریوں کی ایسی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسپیکر سے کہتے ہیں کہ عدم اعتماد کی تاریخ کو طول نہ دیں کیونکہ ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، عدم اعتماد کی تحریک کو جلد ایوان میں لایا جائے،ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 179 اراکین عمران خان کی حمایت کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پہلے 93 میں مفادات لیے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ڈیزل کے پرمٹس مولانا فضل الرحمان نے لیے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک ننھا منا لیڈر ننھامنا مارچ لیکراسلام آباد آگیا ہے جس کیلیے این ایف سی کا پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا اور کہا گیا کہ اس ننھے منے لیڈر کی وجہ سے ہماری ٹانگیں کانپ گئیں،فواد چودھری نے کہا کہ ندیم افضل کو کہا تھا کہ پیپلزپارٹی میں شامل ہونے سے بہتر ہے کانگریس میں شامل ہوں۔فواد چوہدری نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت تو یہ تھی کہ امریکا ڈرون حملے کردے ہم آپ کا ساتھ دینگے، ذوالفقاربھٹو کے بعد پاکستان میں کسی نے آزاد خارجہ پالیسی نہیں چلائی، یہ کہتے ہیں کہ عمران خان نے یورپی یونین کو برا بھلا کہا تو کیا یورپی یونین آپ کی پھوپی لگتی ہے۔وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے وقار کا کبھی سودا نہیں کرسکتے، ان شااللہ عمران خان مزید مضبوط ہوکر اس سازش سے باہر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور میں اسحاق ڈار عجیب و غریب انداز میں معیشت لیکر چل رہے تھے، ن لیگ نے معیشت کادیوالیہ کیا ہم نے اسے ٹھیک کیا،حماد اظہر نے کہاکہ دنیا میں آج پاکستان کا مقام معاشی ،خارجہ ،سیاسی طورپر پہچاناجارہاہے، عمران خان ایسے لیڈر ہیں جن کی وجہ سے پاکستان کی آواز اب پوری دنیا میں سنی جاتی ہے،اب آزادخارجہ پالیسی کی بات ہورہی ہے پاکستان کا سرفخر سے بلند ہورہاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوروناکے باوجود ہماری معیشت ساڑھے 5فیصد پر سالانہ معاشی ترقی کررہی ہے، اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہا مشکلات کے باوجود معیشت ساڑھے5فیصد پر ہے، انکوہضم نہیں ہورہاحکومت نے 5روپے بجلی ،پیٹرول اور ڈیزل 10روپے سستاکیا،اپوزیشن نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کی، ہم اپوزیشن کی آخری ہچکی اور آخری شوق بھی پورا کراکر حیران کردینگے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے صرف سیاسی نہیں بلکہ معیشت پر بھی حملہ کیا ہے، اس وقت دنیا بھر میں سیاسی اور معاشی بحران ہے، پیٹرول کی قیمت 130ڈالر فی بیرل پر چلی گئی ہیں،ہم طوفان کیاندر بھی اپنی کشتی کو صحیح سمت میں آگے لیکر جارہے ہیں ۔