سندھ ہائیکورٹ کا وفاق کو 2 ہفتے میں ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم
شیئر کریں
سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی سیکرٹری قانون کو کراچی میں احتساب عدالت کے دو ججوں کی دو ہفتوں میںتعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی محمد شیخ کی سربراہی میں بنچ نے کراچی کی دو احتساب عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے درخواست کی سماعت کی ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی کی احتساب عدالتوں کے لئے جن ججز کے نام تجویز کئے تھے ان کا نوٹیفیکیشن کیوں جاری نہیں کیا گیا۔کس قانون کے تحت ہمارے تجویز کردہ ناموں کی بجائے اپنے نام شامل کئے ہیں۔ جج تعینات نہ ہوئے تو تما م ملزمام کو ضمانت پر رہا کردیں گے ۔ملزمان کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے کراچی کی دو احتساب عدالتوں میں ججز تعینات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے ریفرنسز کی سماعت التوا کا شکار ہے ۔ واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ سال جولائی سے چار احتساب عدالتوں میں سے دو عدالتوں کے جج ریٹائرڈ ہو گئے تھے اور ان میں سے ایک سندھ ہائی کورٹ کے جج بن چکے ہیں تاہم ان کی جگہ اب تک نئے ججز تعینات نہیں کئے جاسکے ۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے دو نام تجویز کر کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجے تھے تاہم وفاقی سیکرٹری قانون نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے دو نئے نام شامل کر دیئے گئے ہیں ۔ اس پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت آپ نے یہ نام تجویز کئے ہیں اور ہمارے تجویز کردہ ناموں کو کس طرح مسترد کیا ہے ۔ وفاقی سیکرٹری قانون کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ صدر مملکت سے مشاورت کے بعد ججز کی تعیناتی کرسکتے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا اب ہم صدر پاکستان کو بلا کر ان سے مشاورت کریں ، یہ بتائیں پنجاب اور دیگر صوبوں میں احتساب عدالتوں کے ججز کس قانون کے تحت اور کس کے تجویز کردہ تعینات کئے جاتے ہیں۔کیا وفاق صوبے پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا چاہتا ہے ۔ہم نے جو نام دیئے ان کو ججز تعینات کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کریں ورنہ اچھا نہیں ہو گا۔ کراچی کی احتساب عدالتوں میں 350کیسز زیر التوا ہیں۔ ایسا لگتا ہے لوگ بلاوجہ جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے دو ہفتوں میں اپنی جانب سے تجویز کردہ دو احتساب عدالت کے ججوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے ۔