معروف صحافی ، کالم نگار انوار حسین حقی انتقال کرگئے
شیئر کریں
معروف کالم نگار سینئر صحافی انوار حسین حقی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔ان کے انتقال کی خبر سے میانوالی ،ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔روز نامہ جرأت کے کالم نگار جرأ ت کے پیش رو ادارے ہفت روزہ وجود سے مستقل وابستہ رہنے والے انوار حسین حقی کو گزشتہ روز دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کی نمازجنازہ آج صبح گیارہ بجے ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین آج میانوالی میں کی جائے گی۔انوارحسین حقی کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان نے اُن کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انوار حسین حقی نے میراساتھ ایسے وقت میں دیا جب اکثر لوگ میرا مضحکہ اڑاتے تھے۔وہ میرے ساتھ ہر اچھے بُرے وقت میں کھڑے رہے۔انوار حسین حقی ادارہ جرأت سے وابستہ تھے۔ انوار حسین حقی گزشتہ کچھ عرصے سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور اس سلسلہ میں ان کا علاج بھی چل رہا تھا لیکن گزشتہ روزدل کا دورہ پڑا تو انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیالیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ۔