میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گورنر ہاؤس میں سارے دھڑے مل کر انتخابات کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، حافظ نعیم

گورنر ہاؤس میں سارے دھڑے مل کر انتخابات کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، حافظ نعیم

جرات ڈیسک
منگل, ۱۰ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں سارے دھڑے مل کر انتخابات کی تیاری نہیں بلکہ سازش کر رہے ہیں۔ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں الیکشن ہو چکے تھے، مگر کراچی اور حیدر آباد میں الیکشن نہیں ہونے دیے گئے۔ یہ سب زرداری ڈاکٹرائن تھی جو ایم کیو ایم کے کہنے پر کی گئی، ہم نے الیکشن کے لیے فوج کی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ فوج کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، یہ نہ ہو کہ صرف حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی جائے، وزارتِ داخلہ کو خط لکھ رہے ہیں کہ امن و امان بہتر رکھنے کے لیے اپنی ذمے داری ادا کرے۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ فوج و رینجرز ڈیوٹی پر ہوں اور پولنگ کے معاملات سے دور رہیں تو کوئی دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکتا، اگر رینجرز کو اختیارات دینے سے امن و امان بہتر ہوتا ہے تو رینجرز کو اختیارات دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کا برا حال ہے، کوئی متبادل راستہ دیے بغیر شہر کی سڑکوں کو کھودا جا رہا ہے، شہر کی تعمیر کے پروجیکٹس میں تمام قواعد و ضوابط پورے نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے کہاکہ ریڈ لائن کی فزیبلیٹی بھی درست نہیں، یہ منصوبہ شہریوں کو سہولت کے بجائے پریشانی دے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے 3 منصوبہ کس نے بنایا تھا جس کے بعد کے 4 نہیں بن سکا، 15 سال میں شہر کے لیے ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں کر سکے۔ امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انہوں نے کے 4 کا منصوبہ پیسے خرچ کر کے مسترد کر دیا تھا اور اسے ری ڈیزائن کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں