میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی بھر میں چارجڈ پارکنگ ختم

کراچی بھر میں چارجڈ پارکنگ ختم

ویب ڈیسک
جمعه, ۹ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ آج اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، انہوں نے مختلف افسران سے ملاقات کی ، بعدازاں ایڈمنسٹریٹر کراچی کی صدارت میں محکمہ جاتی سربراہان کا اجلاس ہوا جس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ جن پارکنگ سائٹس کا آکشن نہیں ہوا ہے وہاں کے ایم سی اس وقت تک پارکنگ فیس وصول نہیں کرے گی جب تک وہ سائٹ نیلام عام کے ذریعے نہ دے دی جائے، ایسی سائٹس جن کا آکشن نہیں ہوا ہے وہاں پارکنگ مفت ہوگی، کے ایم سی کے افسران اور عملہ کسی قسم کی پارکنگ یا کوئی دوسرا ٹھیکہ خود نہیں چلائیں گے، کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور کے ایم سی کے پارکوں میں جو ٹھیکے کے ایم سی کے ملازمین چلا رہے ہیں انہیں آج سے بند کردیا جائے اور ان کا باقاعدہ آکشن کیا جائے، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر کے ایم سی کی دکانوں کے کرائے میں اضافہ کریں اس سلسلے میں عوام الناس سے پہلے ہی رائے لی جاچکی ہے اس لئے اس میں تاخیر نہ کی جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے 28 بڑی سڑکوں کی فوری مرمت شروع کی جائے گی اور ان سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس بھی درست کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ پیڈسٹرین برج کی فوری مرمت شروع کی جائے اور کے ایم سی کی نرسریوں میں جو پودے موجود ہیں انہیں وہاں سے لا کر سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹس اور پارکوں میں لگائے جائیں، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ کے ایم سی کی نرسریوں میں ایک بھی پودا نہ رکھا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے اور فٹ پاتھ کو خالی کرایا جائے تمام ریونیو کے محکمے اپنے ٹارگٹ ہر صورت میں پورا کریں اور آئندہ شروع ہونے والے ہفتے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے تمام معاملات انتہائی شفاف انداز میں چلنے چاہئیں تمام افسران شہر کے لئے نیک نیتی ، محنت ، لگن اور جذبے سے کام کریں، لینڈ ڈپارٹمنٹ اور اورنگی ٹائون پائلٹ پروجیکٹ کی تمام جائیدادوں اور مکانات کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرے تاکہ کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ رہے، انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سلاٹر ہائوس چلانے کے لئے جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان پر غور کیا جائے گا، انہوں نے ڈائریکٹر ویٹرنری کو ہدایت کی کہ لانڈھی میں واقع بھوسہ منڈی کا فوری آکشن کریں،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اب دنیا تبدیل ہوگئی ہے اور سرکار کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ادارے اپنے اندر یہ صلاحیت پیدا کرچکے ہیں کہ وہ سرکاری کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ادارے چلائیں ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس کو ہدایت کی کہ وہ لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کو فوری طور پر فعال کریں تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتیں میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ تمام ادارے شہر سے متعلق فیصلے کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ جو بھی پلاننگ کی جائے وہ دورس ہو اور اس میں اگلے پچاس برس تک کی گنجائش موجود ہو، انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح حاصل رہے گی اور انہیں فائلوں سے نکال کر افسران عملی اقدامات کریں، انہوں نے کہا کہ ہم سب کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ شہر کی بہتری کے لئے کام کریں اس کے علاوہ کوئی دوسرا مقصد نہیں ہونا چاہئے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں