مسٹری بولرابراراحمدنے انگلش بلے بازوں کوچکرادیا
شیئر کریں
ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 281 رنز بناکر پوویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنالیے۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان بین ا سٹوکس نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان میں مسٹری اسپنر کے نام سے مشہور ابرار احمد نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے سب کی توجہ اپنی طرف کرائی۔انہوں نے زیک کرولی کو 19 رنز پر بولڈ کیا۔ بین ڈکٹ اور اولی پوپ کے درمیان 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے ابرار احمد نے ہی انگلینڈ کی دوسری پارٹنرشپ 117 رنز پر توڑی جب انہوں نے بین ڈکٹ کو 63 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔انگلش ٹیم کی تیسری وکٹ بھی ابرار احمد نے حاصل کی۔ ابرار احمد نے جو روٹ کو 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ڈیبیو کرنے والے بولر نے انگلش بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور اس دوران انہوں نے اولی پوپ کو 60 رنز پر آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے انگلینڈ کے بیٹرز کو اسپن کے جال میں پھنسائے رکھا اور پانچویں وکٹ بھی حاصل کی۔ انہوں نے ہیری بروک کو 9 رنز پر ا?ؤٹ کیا۔ مسٹری سپنر نے 228 کے مجموعی سکور پر کپتان بین ا سٹوکس کو 30 رنز پر آؤٹ کیا، یوں انہوں نے لگاتار 6 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ کی 7ویں وکٹ 231 رنز پر ابرار احمد نے ہی حاصل کی جب انہوں نے ول جیکس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کی تمام وکٹس ابرار احمد ہی حاصل کریں گے تاہم زاہد محمود نے ایسا نہ ہونے دیا۔ زاہد محمود نے انگلینڈ کے اولی رابنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں ابرار احمد نے مجموعی طور پر 22 اوورز کرا کر 7 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زاہد محمود نے 7.4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے فہیم اشرف، محمد علی اور محمد نواز پہلی اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز کے جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ ہوا، جیمز اینڈرسن نے تیسرے اوور میں ہی امام الحق کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ انگلینڈ کے اسپن بولر جیک لیچ نے عبداللہ شفیق کو 14 رنز پر آؤٹ کیا۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رؤف انجریز کے باعث ملتان ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔