میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب

سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب

جرات ڈیسک
پیر, ۹ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

کروڑوں کے فنڈز غائب، 12 ہزار منسوخ فائلیں دوبارہ جاری کرنے کا انکشاف

جونیئر ملازمین ایک طاقتور مافیا میں تبدیل ، ہائی کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے

حیدرآباد/کراچی (خصوصی رپورٹ)سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SDA) میں کرپشن، فنڈز کی خورد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا ایک سنسنی خیز اسکینڈل سامنے آیا ہے ۔ ادارے کے سپرنٹنڈنگ انجینئر (BPS-19)محمد شبیر احمد سومرو نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کو بھیجی گئی ایک انتہائی حساس اور دستاویزی شواہد پر مبنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ادارے کے جونیئر ملازمین نے مبینہ طور پر ایک طاقتور مافیا کی شکل اختیار کر رکھی ہے، جو سرکاری فنڈز کی لوٹ مار اور ریکارڈ کی بڑے پیمانے پر تبدیلی میں ملوث ہے۔

جرأت کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق، اس مبینہ کرپشن نیٹ ورک کے اہم کرداروں میں اسسٹنٹ راجہ خان اوڈھو (BPS-14) اور وقاص شیخ (BPS-15) شامل ہیں، جنہوں نے اپنے گریڈز سے کہیں بڑھ کر اکاؤنٹس، ایڈمنسٹریشن، لینڈ اور انجینئرنگ سیکشنز پر غیر قانونی کنٹرول قائم کر رکھا ہے ۔رپورٹ کے مطابق، سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد شبیر احمد سومرو کو ہائی کورٹ آف سندھ کی جانب سے
(C.P. No. D-1018 of 2026) میں مکمل تحفظ اور حکمِ امتناع (Stay) حاصل ہونے کے باوجود، ملزمان نے رشوت اور غیر قانونی کمیشن نہ دینے پر ان کی تنخواہ اور بقایاجات جان بوجھ کر روک رکھے ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزم راجہ خان اوڈھو نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ جب تک مقررہ فیصد یا کمیشن ادا نہیں کیا جائے گا، تنخواہ جاری نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے آڈیو اور ویڈیو شواہد بھی اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

62کروڑ کے گرانٹ فنڈز اور بینک اکاؤنٹس میں خورد برداسکینڈل کا ایک اور خوفناک پہلو حکومتِ سندھ کی طرف سے جاری کردہ 620 ملین (62 کروڑ) روپے کی گرانٹ ان ایڈ کا ہے ۔ اس خطیر رقم میں سے ریلیز ہونے والے 430 ملین (43 کروڑ) روپے کو سینئر اور حقدار ملازمین کو بائی پاس کر کے ، مبینہ بھاری کمیشن کے عوض من پسند افراد میں بانٹ دیا گیا۔ مزید برآں، یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے ایس ڈی اے کے بینک اکاؤنٹس سے متعدد مرتبہ 20 سے 25 لاکھ روپے کی مشکوک کیش ٹرانزیکشنز کیں، جن کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود نہیں ہے ۔

تحقیقاتی رپورٹ میں سب سے بڑا انکشاف سال 2010 کے دوران منسوخ اور ریفنڈ کی جانے والی تقریباً 12,000 الاٹمنٹ فائلوں کا ہے ۔ الزام ہے کہ اس مافیا نے ان منسوخ شدہ فائلوں کو نجی مالی فائدے کے لیے غیر قانونی طور پر دوبارہ جاری اور منتقل کیا، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ اس کے ساتھ ہی بلڈنگ کنٹرول سیکشن کے اصل ریکارڈز، ملازمین کی حاضری کے رجسٹرز اور اہم ترین فائلوں کو غائب کر کے ان کی جگہ جعلی ریکارڈ شامل کر دیا گیا ہے ۔

ادارے میں اندھیر نگری کا یہ عالم ہے کہ جو ملازمین 10 سے 15 سال تک ڈیوٹی سے غائب رہے ، انہیں کسی بھی قانونی یا محکمانہ کارروائی کے بغیر نہ صرف بحال کیا گیا بلکہ انہیں ترقیاں دے کر پچھلی تمام تنخواہیں (Back-wages) بھی ادا کر دی گئیں۔ دوسری جانب، جونیئر گریڈ کے ان مبینہ ملزمان کے جائز ذرائع آمدن سے زائد اربوں روپے کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بنانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

اس سنگین صورتحال پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ادارے کے تمام بینک اکاؤنٹس، فنڈز کی دستاویزات اور لینڈ ریکارڈز کو فوری طور پر اپنی تحویل میں لے کر ان کا فارنزک آڈٹ کروائے ۔ شواہد کی روشنی میں ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان اور اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت فوری ایف آئی آر درج کر کے سندھ کے اس اہم ترقیاتی ادارے کو تباہی سے بچایا جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں