علامہ اقبال کا 143واں یوم پیدائش، مزار پر گارڈز تبدیلی کی تقریب
شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 143 واں یوم پیدائش پیر کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
شیئر کریںشاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا 143 واں یوم پیدائش پیر کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، ان کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقریب میں اسٹیشن کمانڈر کموڈور محمد نعمت اللہ نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے اس سے قبل یہ ذمہ داری پاک رینجرز کے پاس تھی۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان ، کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے شاعری کے ذریعے امن، بھائی چارے کا پیغام دیا، ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، اقبال کا پیغام امید اور خود داری کا ہے ۔عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں، نئے پاکستان کی بنیاد عدل، انصاف، احساس جیسے اصولوں پر رکھی، عمران خان اقبال کے افکار کے مطابق نیا پاکستان بنا رہے ہیں۔ولادت اقبال کے حوالہ سے ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، مباحثوں اور اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی تقریبات کا انعقادکیا گیا ، ریڈیو، ٹی وی پرخصوصی پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ کئے گئے ۔صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے محسن تھے ، جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا، وہ بڑے مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا، انہوں نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ قوم حضرت علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، وہ ایک تاریخ سازشاعر،عظیم فلسفی اور مفکر تھے ، خودی کاولولہ انگیز پیغام دے کردوسروں پر انحصار کے بجائے نوجوان نسل کواپنی دنیا آپ پیدا کرنے کاحکیمانہ درس دیا۔