میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نیب آرڈی ننس سپراین آراو،نیازی نیب گٹھ جوڑ کا حصہ ہے،سعید غنی

نیب آرڈی ننس سپراین آراو،نیازی نیب گٹھ جوڑ کا حصہ ہے،سعید غنی

ویب ڈیسک
هفته, ۹ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب آرڈننس دراصل این آر او نہیں سپر این آر او ان لوگوں کے لئے ہے، جو نیازی نیب گٹھ جوڑ کا حصہ ہیں اور عمران نیازی کے اے ٹی ایم ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب میں رہ کر بدنامی ہی کمائی ہے اس لئے بہتر یہی ہے کہ وہ خود مستعفی ہوجائیں۔ نیب آرڈننس صرف چیئرمین نیب کو توسیع دینے کے لئے نہیں بلکہ اس میں تمام باتیں غیر آئینی ہیں۔ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے آزاد امیدوار نے کامیابی کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے، جس کے بعد اب وہاں کے 10 میں سے 5 وارڈ کے کامیاب امیدوار کا تعلق پیپلز پارٹی سے اور انشاء اللہ کراچی کے 6 میں سے 3 کنٹونمنٹ بورڈز کے وائس چیئرمین اس بار پیپلز پارٹی کے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی و پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری،کرم اللہ وقاصی، پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 3 کے آزاد امیدوار محمد جمیل، ان کے ہمراہ آئے اسی وارڈز کے معززین شکیل امین، شعیب، اعجاز، تنویر، محمد علی، ارشد، محمد حفیظ سمیت درجنوں افراد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ محمد جمیل جنہوںنے 2015 میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر اسی وارڈ سے کامیابی حاصل کی تھی اس بار انہوںنے آزاد امیدوار کے طور پر 13 دیگر امیدواروں کا مقابلہ کیا اور کامیاب ہوئے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ وہ آج پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ میں 10 میں سے پہلے ہی 4 وارڈز پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے اور آج محمد جمیل کی شمولیت کے بعد اب ہمارے تعداد 5 ہوگئی ہے اور انشاء اللہ ہم وہاں اپنا وائس چیئرمین لانے میں کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر وقار مہدی نے شمولیت اختیار کرنے والے محمد جمیل اور ان کے ساتھیوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ ہر وقت موجود رہے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں