کراچی میں بھتہ مافیا کی کارروائیاں پھر شروع وصی لاکھو کاگروہ سرگرم
شیئر کریں
کراچی میں بھتہ مافیا کی کارروائیاں پھر شروع ہوگئی ہیں اور شہر کے اولڈ سٹی ایریا خاص طور پر لیاری میں گینگ وار سرغنہ وصی اللہ لاکھو کا گروہ سرگرم ہے۔اس گروہ کے 15 سے 20 مسلح کارندے لیاری کے علاقے نیا آباد، بغدادی اور کلری میں سرگرم ہیں جو موٹرسائیکلوں پر شیر شاہ، سائٹ، کھارادر، میٹھادر اور دیگر قریبی علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہیں۔وصی لاکھو اور دیگر مافیاز نے شہر کے بلڈرز، تعمیراتی گروپوں، جیولرز، تاجروں اور کاروباری شخصیات سے بھاری بھتے کی وصولی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کاروباری افراد کو بھتے کی پرچیاں یا فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ وصی اللہ لاکھو کا گروہ ماضی قریب میں 100 سے زائد وارداتیں کرچکا ہے اور اس گروہ کی جانب سے کئی بلڈرز کو بھتے کی پرچیاں بھیجی یا کالیں کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق اولڈ سٹی ایریا میں تنازعات اور بھتہ نہ دینے پر اس گروہ کی جانب سے شہریوں کی املاک پر فائرنگ کے واقعات اور 2 تاجروں کے قتل کے بعد خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔رپورٹس کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں بلوچ ہال کے پاس مسلح گروہ سرگرم ہیں۔ گینگ وار دور کے غلاموں گروپ کے موٹرسائیکل سوار بھی افشانی گلی میں کارروائیاں کرتے نظر آتے ہیں اور لیاری کے رحمان ڈکیت کی ڈکیت نرسری بھی پروان چڑھ رہی ہے۔